
خلیج اردو
اماراتی حکومت کی جانب سے علاقائی فضائی بندشوں اور پروازوں کی منسوخی کے باعث اوور اسٹے جرمانوں سے مستثنیٰ قرار دیے گئے وزیٹرز کے لیے دی گئی 30 روزہ خصوصی رعایتی مدت 9 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ حکام نے متاثرہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس تاریخ سے پہلے اپنے ویزا کی حیثیت درست کریں یا ملک چھوڑ دیں۔
یہ رعایت بنیادی طور پر ان وزٹ ویزا ہولڈرز کے لیے تھی جو علاقائی کشیدگی، فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی معطلی کے باعث مقررہ وقت پر امارات سے روانہ نہیں ہو سکے تھے۔ اب جبکہ فضائی آپریشن معمول پر آ چکے ہیں، اماراتی حکام نے انہیں آخری موقع دیا ہے کہ وہ اپنے امیگریشن معاملات مکمل کریں۔
امیگریشن ماہرین کے مطابق متاثرہ افراد کے پاس تین اہم راستے ہیں۔ اگر وہ اہل ہیں تو اپنے ویزا کی حیثیت قانونی بنائیں، اگر ملازمت حاصل کر چکے ہیں تو ورک ویزا یا متعلقہ کارروائی مکمل کریں، یا پھر 9 جولائی سے پہلے امارات چھوڑ دیں تاکہ اوور اسٹے جرمانوں سے بچ سکیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ متعدد متاثرہ افراد پہلے ہی ملک سے جا چکے ہیں، جبکہ کچھ اپنی ملازمت سے متعلق ویزا تبدیلی کی کارروائی مکمل کر رہے ہیں۔ ٹریول ایجنٹس نے خبردار کیا ہے کہ آخری وقت تک انتظار نہ کیا جائے بلکہ جلد از جلد امر سینٹر یا متعلقہ امیگریشن حکام سے رابطہ کر کے اپنی حیثیت کی تصدیق کر لی جائے۔
واضح رہے کہ 9 جولائی کی یہ خصوصی رعایت تمام ویزا ہولڈرز پر لاگو نہیں ہوتی۔ رہائشی ویزا کی مدت ختم ہونے یا منسوخ ہونے والے افراد کے لیے بدستور امارات کے موجودہ قوانین ہی نافذ العمل ہیں، جن میں رعایتی مدت ویزا کی قسم اور پیشے کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔







