متحدہ عرب امارات

شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان القاسمی کی ستاسیویں سالگرہ، شہزادی بدور کا جذباتی پیغام، والد کو روشنی، محبت اور حوصلے کی علامت قرار دیا

خلیج اردو
شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی ستاسیویں سالگرہ کے موقع پر ان کی صاحبزادی، شہزادی بدور بنت سلطان القاسمی نے والد کے نام ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے ان کی صحت، خوشحالی اور درازیٔ عمر کے لیے دعا کی۔

شہزادی بدور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر والد کے ہمراہ ایک نجی تصویر بھی شیئر کی، جس میں دونوں ایک گاڑی میں موجود ہیں۔ اس تصویر کو عوامی زندگی سے ہٹ کر والد اور بیٹی کے مضبوط تعلق کی ایک نادر جھلک قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا، "میرے پیارے والد! آپ ہمیشہ ہمارے لیے مضبوط سہارا، ہماری راہ روشن کرنے والی روشنی اور ہر مشکل وقت میں محفوظ پناہ گاہ رہے ہیں۔ ستاسی برس روشنی، محبت اور عطا کے گزرنے کے باوجود آپ آج بھی ہماری زندگیوں کو سکون اور اعتماد سے بھر رہے ہیں۔”

شہزادی بدور نے مزید کہا، "آپ نے ہمیں سکھایا کہ حقیقی طاقت رحم دلی میں ہے، عزت اعمال سے بنتی ہے اور محبت وہ سب سے خوبصورت ورثہ ہے جو انسان اپنے پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔”

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شیخ ڈاکٹر سلطان کی زندگی کو برکت عطا فرمائے اور ان کے دنوں کو اسی طرح امن، خوشی اور سکون سے بھر دے جیسے انہوں نے اپنے خاندان کی زندگی محبت اور اطمینان سے بھر دی ہے۔

شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی دو جولائی انیس سو انتالیس کو شارجہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے قاہرہ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، بعد ازاں شارجہ میونسپلٹی کے سربراہ، متحدہ عرب امارات کے وزیرِ تعلیم اور پچیس جنوری انیس سو بہتر سے شارجہ کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

شیخ ڈاکٹر سلطان کو تعلیم، ثقافت، تحقیق اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں غیر معمولی کردار کے باعث عرب دنیا کی نمایاں علمی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے، جبکہ شہزادی بدور بھی اشاعت، تعلیم اور ثقافتی منصوبوں میں اپنے والد کے وژن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button