
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مئی 2026 کے انٹرنیشنل بیکالوریٹ (آئی بی) امتحانات کے نتائج جاری ہونا شروع ہو گئے ہیں، جن میں طلبہ نے عالمی اوسط سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ متعدد اسکولوں نے سو فیصد کامیابی کی شرح اور کئی طلبہ کے مکمل 45 میں سے 45 نمبر حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دبئی کی انووینچرز ایجوکیشن کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اکیڈمی – ایمریٹس ہلز، دبئی انٹرنیشنل اکیڈمی – البرشاء اور ریفلز ورلڈ اکیڈمی کے تمام طلبہ کامیاب رہے۔ ادارے کے طلبہ کا اوسط اسکور 35.8 رہا، جبکہ انہیں دنیا بھر کی جامعات سے ایک کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے تعلیمی وظائف بھی حاصل ہوئے۔
اس سال نور بلال الحسینی، کین سمپسن، آدت چندرانی اور ارنو جےسوال نے مکمل 45 نمبر حاصل کیے، جو دنیا بھر میں آئی بی ڈپلومہ کے ایک فیصد سے بھی کم طلبہ کو حاصل ہوتے ہیں۔ مزید چھ طلبہ نے 44 نمبر حاصل کیے، جبکہ 60 طلبہ نے 40 یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کیے۔
اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو دنیا کی ممتاز جامعات، جن میں کیمبرج یونیورسٹی، امپیریل کالج لندن، لندن اسکول آف اکنامکس، یونیورسٹی آف پنسلوانیا، براؤن یونیورسٹی، میک گل یونیورسٹی اور دیگر شامل ہیں، سے داخلوں کی پیشکش موصول ہوئی ہے۔
رواں سال کے نتائج اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان علاقائی کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں آئی بی کے حتمی امتحانات منسوخ کر دیے گئے تھے۔ اس کے بعد انٹرنیشنل بیکالوریٹ آرگنائزیشن نے وزارتِ تعلیم کے تعاون سے نان ایگزام کنٹنجنسی میژر کے تحت طلبہ کو گریڈز جاری کیے۔
متحدہ عرب امارات آئی بی ایسوسی ایشن کے چیئرمین رچرڈ ڈریو نے کہا کہ "2026 کے طلبہ نے مشکل حالات کے باوجود غیر معمولی حوصلہ، عزم اور پختگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ اس کامیابی کا سہرا اساتذہ، اسکول قیادت اور والدین کی انتھک محنت کو بھی جاتا ہے۔”
جیمز ایجوکیشن کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈینو وارکی نے کہا کہ یہ نتائج صرف تعلیمی کامیابی نہیں بلکہ ایسے نوجوانوں کی عکاسی کرتے ہیں جنہوں نے کردار، محنت اور ثابت قدمی کا عملی ثبوت پیش کیا ہے۔







