
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق (MoHESR) نے عجمان میں قائم ہورائزن یونیورسٹی کالج کا ادارہ جاتی لائسنس اور تمام تعلیمی پروگراموں کی منظوری منسوخ کر دی ہے۔
وزارت کے مطابق یہ فیصلہ تعلیمی اور ضابطہ جاتی قوانین کی سنگین اور بار بار ہونے والی خلاف ورزیوں کے باعث کیا گیا، جس کے بعد ادارے کی تمام تعلیمی سرگرمیاں فوری طور پر روک دی گئی ہیں۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ہورائزن یونیورسٹی کالج اب تدریس، نئے طلبہ کے داخلے، تعلیمی پروگراموں کی تشہیر، ڈگریاں جاری کرنے یا تعلیمی ٹرانسکرپٹس فراہم کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔
وزارت کے مطابق ادارے کی خلاف ورزیوں سے تعلیمی معیار، سیکھنے کے نتائج کی ساکھ، ادارے کی پائیداری اور بالخصوص طلبہ کے حقوق کے تحفظ پر سنگین خدشات پیدا ہوئے تھے۔
وزارت نے کہا ہے کہ زیرِ تعلیم طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ مقامی اداروں کے تعاون سے انہیں دیگر منظور شدہ جامعات اور کالجوں میں منتقل کیا جائے گا تاکہ ان کی تعلیم بغیر کسی تعطل کے جاری رہ سکے۔
اس مقصد کے لیے وزارت کی سربراہی میں ایک مشترکہ ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے، جس میں کالج اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ یہ کمیٹی طلبہ کی منتقلی کے عمل کی نگرانی کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام تعلیمی حقوق محفوظ رہیں۔
وزارتِ اعلیٰ تعلیم نے طلبہ اور والدین کو ہدایت کی ہے کہ منتقلی کے عمل سے متعلق تازہ معلومات اور رہنمائی کے لیے وزارت کے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔
وزارت نے اس اقدام کو اعلیٰ تعلیمی شعبے میں معیار برقرار رکھنے، قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے عزم کا حصہ قرار دیا۔







