
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی لاٹری نے اپنے دوسرے 3 کروڑ درہم کے جیک پاٹ فاتح کا اعلان کر دیا۔ ابوظبی میں مقیم 52 سالہ بھارتی شہری سنیل کمار ساداسیون نے 1 جولائی کو ہونے والی "لکی ڈے” قرعہ اندازی میں تمام سات خوش قسمت نمبرز درست بتا کر 3 کروڑ درہم کا انعام اپنے نام کر لیا۔
فاتح کے مطابق جب انہوں نے پہلی بار نتیجہ دیکھا تو یقین نہیں آیا، دوبارہ نمبر چیک کرنے پر انہیں احساس ہوا کہ وہ واقعی جیک پاٹ جیت چکے ہیں۔
یہ "لکی ڈے” فارمیٹ متعارف کرائے جانے کے بعد دوسرا 3 کروڑ درہم کا جیک پاٹ ہے۔ اس سے قبل جون میں 26 سالہ نیپالی سیکیورٹی گارڈ طیب خان نے 3 کروڑ درہم جیتے تھے، جنہیں انہوں نے ٹکٹ خریدنے والے اپنے چار دوستوں کے ساتھ برابر تقسیم کیا تھا۔
یو اے ای لاٹری کے مطابق ہر بدھ اور ہفتہ کو ہونے والی "لکی ڈے” قرعہ اندازی میں 3 کروڑ درہم کا جیک پاٹ، 50 لاکھ درہم کا دوسرا انعام اور 50 ہزار درہم کے تین یقینی "لکی چانس” انعامات دیے جاتے ہیں۔
"لکی ڈے” لاٹری ٹکٹ کی قیمت 50 درہم ہے۔ یو اے ای لاٹری ملک کی پہلی وفاقی لائسنس یافتہ لاٹری ہے، جسے جنرل کمرشل گیمنگ ریگولیٹری اتھارٹی ریگولیٹ کرتی ہے، جبکہ اس کا انتظام دی گیم ایل ایل سی کے پاس ہے۔ لاٹری میں صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے رہائشی حصہ لے سکتے ہیں۔







