متحدہ عرب امارات

شیخ محمد بن راشد کا دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے 29ویں ایڈیشن کا اعلان، مجموعی انعامی رقم 33 لاکھ ڈالر مقرر

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے 29ویں ایڈیشن کا اعلان کر دیا ہے، جس کے لیے مجموعی انعامی رقم 33 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

شیخ محمد بن راشد نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، "اللہ کا کلام نور، ہدایت اور رحمت ہے۔ ہم گزشتہ 29 برس سے قرآن کے حافظوں کی عزت افزائی کر رہے ہیں اور ان شاء اللہ یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔”

انہوں نے کہا کہ اس سال کے فاتحین کو رمضان 2027 میں اعزازات سے نوازا جائے گا، جبکہ مقابلے میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ سال اس عالمی مقابلے میں 105 ممالک کے 5 ہزار 618 مرد و خواتین نے حصہ لیا تھا۔

مقابلے کی تین کیٹیگریاں

  • پہلی کیٹیگری: 16 سال سے زائد عمر کے مرد حفاظ کے لیے دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ۔
  • دوسری کیٹیگری: 16 سال یا اس سے کم عمر کے مرد اور خواتین حفاظ کے لیے مقابلہ۔
  • تیسری کیٹیگری: عالمی قرآنی شخصیت (Global Quranic Personality) ایوارڈ۔

پہلی اور دوسری کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 10 لاکھ امریکی ڈالر، دوسری پوزیشن پر ایک لاکھ ڈالر اور تیسری پوزیشن پر 50 ہزار ڈالر انعام دیا جائے گا۔

تیسری کیٹیگری میں اسلام اور مسلمانوں کی نمایاں خدمت انجام دینے والی ممتاز شخصیت کو بھی 10 لاکھ امریکی ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔

شیخ محمد بن راشد نے کہا، "ہم دنیا کی خوبصورت ترین قرآنی آوازوں کی تلاش میں ہیں تاکہ ان کی عزت افزائی کریں اور ان کی اقتدا میں نماز ادا کریں۔”

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button