
خلیج اردو
سعودی عرب نے سیاحوں کے لیے نیا ’ٹورسٹ پیکیج ویزا‘ متعارف کرا دیا، جس کے تحت فضائی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، الیکٹرانک ویزا اور سفری منصوبہ بندی ایک ہی پیکیج میں فراہم کی جائے گی، تاکہ مسافروں کو علیحدہ علیحدہ بکنگ اور ویزا پراسیس کی ضرورت نہ رہے۔
نئی سروس کے تحت لائسنس یافتہ ٹریول اینڈ ٹورازم سروس فراہم کنندگان کے ذریعے ایسے پیکیجز دستیاب ہوں گے جن میں ہوائی سفر، رہائش، ای ویزا کے ساتھ سیاحتی سرگرمیاں، تفریحی پروگرام اور مختلف ایونٹس بھی شامل کیے جا سکیں گے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت مخصوص پائلٹ مارکیٹس میں منظور شدہ ٹریول کمپنیوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جہاں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی تیاری، چوبیس گھنٹے تکنیکی معاونت اور سیاحوں سے رابطے کی سہولت بھی یقینی بنائی جائے گی۔
سعودی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینا، مربوط سیاحتی تجربہ فراہم کرنا اور دنیا بھر کے سیاحوں کو مملکت کے مختلف سیاحتی مقامات کی جانب راغب کرنا ہے۔
یہ سروس ویژن 2030 کے تحت سیاحت کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کا حصہ ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب ای ٹورسٹ ویزا، ویزا آن ارائیول اور ٹرانزٹ ویزا جیسی سہولتیں بھی متعارف کرا چکا ہے، جن کی بدولت 2025 میں 2 کروڑ 90 لاکھ سے زائد غیر ملکی سیاحوں نے سعودی عرب کا رخ کیا۔







