متحدہ عرب امارات

ورلڈ کپ: مصر کے خلاف سنسنی خیز کم بیک کے بعد ارجنٹائن کوارٹر فائنل میں، کوچ اسکیلونی آبدیدہ ہو گئے

خلیج اردو
ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ارجنٹائن میچ کے 79ویں منٹ تک 2-0 سے پیچھے تھا، تاہم کرسٹیان رومیرو نے پہلا گول کر کے امید جگائی، پھر لیونل میسی نے برابری کا گول اسکور کیا، جبکہ اضافی وقت میں اینزو فرنینڈیز نے فیصلہ کن گول کر کے ٹیم کو فتح دلا دی۔

میچ کے بعد ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل اسکیلونی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور لیونل میسی کے ساتھ آبدیدہ ہو گئے۔

اسکیلونی نے کہا کہ وہ اکثر جذباتی ہو جاتے ہیں اور آج بھی ڈریسنگ روم میں ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی انہیں مذاق میں "کرائی بے بی” کہتے ہیں لیکن انہیں اس کی پروا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 20 برس فٹبال کھیلنے کے بعد بھی ایسے لمحات دوبارہ محسوس کرنا ناقابلِ یقین ہوتا ہے اور یہی جذبات کوچنگ جاری رکھنے کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔

ارجنٹائن کے کوچ نے کہا کہ دو گول کے خسارے کے باوجود انہیں کبھی محسوس نہیں ہوا کہ میچ ہاتھ سے نکل گیا ہے کیونکہ ٹیم اچھا کھیل رہی تھی اور مواقع بھی بنا رہی تھی۔

اسکیلونی کے مطابق کیپ ورڈے کے خلاف گزشتہ مرحلے کا مقابلہ زیادہ مشکل تھا، جبکہ مصر کے خلاف ٹیم نے کہیں بہتر فٹبال کھیلی۔

انہوں نے 39 سالہ کپتان لیونل میسی کی بھی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میسی ایسے ہی بڑے مواقع کے لیے کھیلتے ہیں اور کیریئر کے اس مرحلے پر بھی ان کا ان جذبات کا اظہار ناقابلِ بیان ہے۔

ارجنٹائن اب کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ یا کولمبیا میں سے کسی ایک ٹیم کا مقابلہ ہفتے کو کنساس سٹی میں کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button