
خلیج اردو
دبئی: عام طور پر نئے آئی فون کی لانچ سے پہلے پرانے ماڈلز کی قیمتیں کم ہو جاتی ہیں، تاہم اس بار صورتحال مختلف ہے اور متحدہ عرب امارات میں بعض پرانے آئی فون ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دیرہ موبائل مارکیٹ کے تاجروں کے مطابق آئی فون 18 کی ممکنہ زیادہ قیمت سے متعلق رپورٹس کے بعد صارفین نے موجودہ آئی فون 17 ماڈلز خریدنے میں دلچسپی بڑھا دی ہے، جس کے باعث طلب میں اضافہ اور اسٹاک میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ آئی فون 17 کے بعض ماڈلز کی قیمتیں پہلے ہی 200 سے 300 درہم تک بڑھ چکی ہیں۔ ان کے مطابق چند روز قبل آئی فون 17 پرو تقریباً 4,700 درہم میں فروخت ہو رہا تھا، جو اب 4,900 درہم تک پہنچ گیا ہے، جبکہ طلب برقرار رہی تو اس کی قیمت 5,100 درہم سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق استعمال شدہ آئی فون 17 پرو تقریباً 4,200 درہم جبکہ آئی فون 16 پرو میکس (256 جی بی) تقریباً 4,000 درہم میں دستیاب ہے، تاہم ان ماڈلز کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب نئے آئی فون کی آمد سے پہلے پرانے ماڈلز مہنگے ہوئے ہوں۔ اس سے قبل بھی آئی فون 6، آئی فون X اور آئی فون 12 کی لانچ سے پہلے اسی نوعیت کا رجحان دیکھا گیا تھا، جبکہ بعض برسوں میں نئے ماڈل کی آمد سے پہلے اسٹاک خالی کرنے کے لیے قیمتیں کم بھی کی گئی تھیں۔
مارکیٹ کے مطابق اس وقت آئی فون 17 پرو میکس کی طلب سب سے زیادہ ہے، خاص طور پر ایک ٹی بی اسٹوریج اور سلور رنگ کے ماڈلز تیزی سے فروخت ہو رہے ہیں۔ تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر طلب اسی طرح برقرار رہی تو ستمبر میں آئی فون 18 کی متوقع لانچ تک قیمتوں میں مزید اضافہ اور بعض ماڈلز کی قلت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔







