
خلیج اردو
شارجہ: متحدہ عرب امارات میں تازہ کھجوروں کا سیزن شروع ہو گیا ہے، جہاں شارجہ کے الجبیل ڈیٹس فیسٹیول میں تقریباً 20 اقسام کی تازہ کھجوریں فروخت کے لیے پیش کر دی گئی ہیں۔ مقامی کھجوروں کی قیمت 15 درہم فی کلو سے شروع ہو رہی ہے، جبکہ سعودی عرب اور عمان سے درآمد کی گئی اعلیٰ معیار کی کھجوریں بھی دستیاب ہیں۔
مارکیٹ میں سب سے سستی مقامی نغال کھجور 15 درہم فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ برحی اور خلاص 20 درہم، خنیزی اور پچی پال 25 درہم، جبکہ صقعی 25 سے 30 درہم فی کلو میں دستیاب ہے۔
درآمد شدہ اقسام میں عمان کی برحی اور خنیزی 25 درہم، سعودی میجول 30 درہم اور مشہور عجوہ 35 درہم فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
تاجروں کے مطابق تازہ سکری کھجور کی مانگ بڑھ رہی ہے، تاہم یہ ابھی مارکیٹ میں نہیں پہنچی، اس وقت صرف محفوظ (Preserved) سکری دستیاب ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ تازہ کھجوریں سال میں صرف دو سے تین ماہ کے لیے دستیاب ہوتی ہیں، اسی لیے ان کی مانگ بہت زیادہ ہوتی ہے۔ روزانہ 50 سے 100 کلوگرام تک فروخت ہو رہی ہے اور آئندہ دنوں میں طلب میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق زیادہ تر تازہ کھجوریں یو اے ای میں پیدا کی گئی ہیں، جبکہ سعودی عرب اور عمان سے بھی روزانہ نئی کھیپ آ رہی ہے۔ آنے والے ہفتوں میں ہلالی، خشکر، مزینی، جبری، بقال، سلانی، بومان، خدراوی، لولو، شیشی اور عین بقر سمیت مزید اقسام بھی مارکیٹ میں پہنچنے کی توقع ہے۔
شارجہ کے سوق الجبیل میں 11واں ڈیٹس فیسٹیول 15 ستمبر تک جاری رہے گا، جہاں خریدار تازہ کھجوروں کی مختلف اقسام، کھجور سے تیار کردہ مصنوعات اور روایتی کاشتکاری کے طریقوں سے بھی آگاہی حاصل کر سکیں گے۔







