
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے مسافر اگر صرف اپنے قریبی ائیرپورٹ سے ٹکٹ خریدنے کے بجائے دبئی، ابوظہبی اور شارجہ تینوں ائیرپورٹس کے کرایوں کا موازنہ کریں تو وہ سینکڑوں درہم کی بچت کر سکتے ہیں۔
ایک تجزیے کے مطابق 13 مقبول بین الاقوامی روٹس پر یکساں سفری تاریخوں کے لیے واپسی کے اکانومی ٹکٹوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں بھارت، پاکستان، مصر، استنبول، باکو اور تبلیسی سمیت مختلف مقامات شامل تھے۔
نتائج کے مطابق زیادہ تر روٹس پر سب سے کم کرایے ابوظہبی سے دستیاب تھے، جبکہ بعض منزلوں کے لیے شارجہ اور دبئی زیادہ سستے ثابت ہوئے۔
مختلف شہروں کے لیے سب سے سستا ائیرپورٹ
| منزل | سب سے کم کرایہ دینے والا ائیرپورٹ | ابتدائی واپسی کرایہ |
|---|---|---|
| ممبئی | ابوظہبی | 1,206 درہم |
| دہلی | شارجہ | 1,171 درہم |
| کوچی | ابوظہبی | 1,376 درہم |
| کوژیکوڈ | ابوظہبی | 1,256 درہم |
| چنئی | ابوظہبی | 1,236 درہم |
| بنگلورو | ابوظہبی | 1,672 درہم |
| کراچی | دبئی | 1,083 درہم |
| لاہور | شارجہ | 1,450 درہم |
| قاہرہ | ابوظہبی | 1,915 درہم |
| جدہ | دبئی | 1,001 درہم |
| استنبول | شارجہ | 1,222 درہم |
| باکو | ابوظہبی | 1,501 درہم |
| تبلیسی | شارجہ | 1,631 درہم |
تجزیے کے مطابق بھارت کے بیشتر شہروں، بشمول ممبئی، کوچی، چنئی، کوژیکوڈ اور بنگلورو کے لیے سب سے کم کرایے ابوظہبی سے دستیاب تھے، جبکہ دہلی کے لیے شارجہ سب سے سستا ائیرپورٹ رہا۔
پاکستان کے لیے صورتحال مختلف رہی، جہاں کراچی کا سب سے کم کرایہ دبئی جبکہ لاہور کے لیے شارجہ سے دستیاب تھا۔
تعطیلات گزارنے والوں کے لیے بھی واضح فرق سامنے آیا۔ استنبول کے لیے سب سے کم کرایہ شارجہ، باکو کے لیے ابوظہبی اور تبلیسی کے لیے شارجہ سے ملا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فی ٹکٹ چند سو درہم کی بچت ہو رہی ہو تو دوسرے امارت کے ائیرپورٹ تک سفر کرنا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر خاندان کے ساتھ سفر کرنے والوں کے لیے۔
تاہم مسافروں کو حتمی فیصلہ کرتے وقت ایندھن، پارکنگ، ٹیکسی، سامان کے اضافی چارجز اور پرواز کے اوقات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔







