متحدہ عرب امارات

فجیرہ پولیس کا والدین کو انتباہ، گرمیوں کی چھٹیوں میں بچوں کو پانی کے قریب ہرگز تنہا نہ چھوڑیں

خلیج اردو
گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ساحلوں، سوئمنگ پولز اور پہاڑی تفریحی مقامات پر آنے والے خاندانوں کے لیے فجیرہ پولیس نے آگاہی مہم شروع کرتے ہوئے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو پانی کے قریب کسی بھی صورت تنہا نہ چھوڑیں۔

مسافی جامع پولیس اسٹیشن نے میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے شروع کی گئی مہم میں کہا ہے کہ بچوں کی مسلسل نگرانی ہی ڈوبنے کے واقعات سے بچاؤ کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔

پولیس کے مطابق حفاظتی ہدایات پر عمل اور بچوں پر مسلسل نظر رکھنے سے خصوصاً کم عمر بچوں کے ڈوبنے کے خطرات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، کیونکہ چند لمحوں کی غفلت بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

فجیرہ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ بچوں کا تحفظ والدین اور سرپرستوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں خاندان بڑی تعداد میں ساحلوں، سوئمنگ پولز اور دیگر آبی تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں، اس لیے بچوں کی مسلسل نگرانی انتہائی ضروری ہے۔

پولیس نے والدین کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کی نگرانی صرف لائف گارڈز یا بڑے بہن بھائیوں کے حوالے نہ کریں، بلکہ خود بھی ہر وقت چوکس رہیں۔ اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر بچوں کو مناسب حفاظتی فلوٹیشن ڈیوائسز پہنائیں، صرف مخصوص اور محفوظ مقامات پر تیراکی کریں اور ساحلوں و سوئمنگ پولز پر جاری حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

فجیرہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد عوام میں احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور ایسی حفاظتی عادات کو فروغ دینا ہے جو قیمتی جانوں کو بچانے میں مددگار ثابت ہوں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button