
خلیج اردو
ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ADNOC) کی ذیلی کمپنی ADNOC Logistics & Services نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران اس کے دو خام تیل بردار سپر ٹینکرز پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک ملاح ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
کمپنی کے مطابق "البحیہ” (Al Bahyah) اور "ممباسا بی” (Mombasa B) نامی دونوں وی ایل سی سی (VLCC) ٹینکرز 14 جولائی کی صبح حملے کی زد میں آئے، جس سے دونوں جہازوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ADNOC Logistics & Services نے ہلاک ہونے والے ملاح کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
کمپنی نے اپنے بیان میں شہری جہاز رانی اور بے گناہ ملاحوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگامی امدادی اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق البحیہ اس کی ملکیتی سپر ٹینکر ہے، جبکہ ممباسا بی کو ٹائم چارٹر معاہدے کے تحت آپریٹ کیا جا رہا تھا۔ زخمیوں کی تعداد یا جہازوں کی موجودہ حالت سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں، تاہم کمپنی نے کہا ہے کہ مزید معلومات دستیاب ہوتے ہی فراہم کی جائیں گی۔







