
خلیج اردو
ابوظہبی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ لیوا رطب فیسٹیول کے دوران شہری اور رہائشی اپنے ٹریفک بلیک پوائنٹس کم کروا سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ سہولت 17 سے 19 جولائی اور 22 سے 23 جولائی تک فیسٹیول میں قائم ابوظہبی پولیس کے خصوصی اسٹال پر دستیاب ہوگی۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی لیکچر میں شرکت کرنا ہوگی۔ روزانہ تین سیشنز شام 4:30 بجے، 6:00 بجے اور 7:30 بجے منعقد کیے جائیں گے۔
ابوظہبی پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شرکاء لیکچر شروع ہونے سے کم از کم 30 منٹ پہلے رجسٹریشن کے لیے پہنچیں اور اپنے ساتھ ایمریٹس آئی ڈی ضرور لائیں تاکہ کارروائی مکمل کی جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین سے آگاہی بڑھانا اور سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
لیوا رطب فیسٹیول 14 سے 23 جولائی تک ابوظہبی کے الظفرہ ریجن کے شہر لیوا میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے رطب (کچی کھجور) میلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں رطب اور زرعی مصنوعات کی نمائش، کھجوروں کے مختلف مقابلے، روایتی بازار، دستکاری، ثقافتی سرگرمیاں، خاندانی تفریح اور آگاہی ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔







