
خلیج اردو
دبئی میں مقیم ایک برازیلی خاتون، جو سوشل میڈیا انفلوئنسر تھیں، رواں ماہ انتقال کر گئیں۔ متحدہ عرب امارات میں برازیل کے سفارت خانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطے میں ہے اور قونصل خانے کا ایک نمائندہ متحدہ عرب امارات آنے والے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کرے گا۔
سفارت خانے کے مطابق مرحومہ دو سال قبل دبئی منتقل ہوئی تھیں اور سوشل میڈیا پر ان کے تقریباً 23 ہزار 700 فالوورز تھے۔ سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سے متاثرہ خاندان کو قونصلر معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
برازیل کے سفارت خانے نے مزید بتایا کہ برازیلیا میں وزارت خارجہ کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اگر خاندان چاہے تو میت کو برازیل منتقل کرنے کے انتظامات میں بھی مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
مرحومہ کی والدہ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک جذباتی پیغام میں عوام اور میڈیا سے رازداری کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ماں کے لیے اپنی بیٹی کو کھونا سب سے بڑا دکھ ہے، ایسے وقت میں ان کی یاد اور عزت کا احترام کیا جانا چاہیے۔
خاندان کی درخواست پر مرحومہ کی شناخت اور تصاویر کو عام نہیں کیا جا رہا، جبکہ برازیلی سفارت خانہ نے بھی کہا ہے کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ جاری تحقیقات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔







