
خلیج اردو
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل متحدہ عرب امارات میں اسپین اور ارجنٹینا کی ٹیموں کی جرسیوں اور دیگر یادگاری اشیا کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
دبئی کے مختلف بازاروں کے تاجروں کے مطابق سیمی فائنلز کے اختتام کے فوراً بعد ہی ریٹیلرز نے تھوک فروشوں سے اسپین اور ارجنٹینا کی جرسیوں، ٹی شرٹس، جھنڈوں، شالوں، مگز اور کی چینز کی بڑی مقدار میں خریداری شروع کر دی۔
دبئی کے پرانے سوق (دیرا) کے ایک تھوک فروش کے مطابق اسپین کے فائنل میں پہنچتے ہی دکانداروں نے اسپین کی جرسیوں اور دیگر سامان کے بڑے آرڈر دیے، جبکہ ارجنٹینا کے فائنل میں پہنچنے کے بعد اس کی یادگاری اشیا کی طلب میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کی مصنوعات کی فروخت مضبوط ہے، تاہم اس وقت اسپین کی جرسیوں اور دیگر اشیا کی مانگ ارجنٹینا کے مقابلے میں کچھ زیادہ دیکھی جا رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یو اے ای میں بڑی تعداد میں شائقین اسپین کی حمایت کر رہے ہیں۔
تھوک فروشوں کے مطابق دبئی کے علاوہ عمان اور قطر کے تاجروں کو بھی اسپین اور ارجنٹینا کی ٹیموں کا سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
ریٹیلرز کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں مختلف ٹیموں کی جرسیوں کی طلب تھی، لیکن اب زیادہ تر خریدار صرف اسپین یا ارجنٹینا کی جرسی خریدنا چاہتے ہیں تاکہ ورلڈ کپ فائنل اپنی پسندیدہ ٹیم کی شرٹ پہن کر دیکھ سکیں۔
مارکیٹ میں بنیادی معیار کی جرسیوں کی قیمت تقریباً 20 درہم سے شروع ہوتی ہے، جبکہ بہتر معیار کی جرسیوں کی قیمت 50 سے 60 درہم کے درمیان ہے۔







