متحدہ عرب امارات

گندم بحران: پی ٹی آئی نے حکومتی پالیسیوں کو ذمہ دار قرار دے دیا

خلیج اردو
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں نے ملک میں گندم کا سنگین بحران پیدا کر دیا ہے۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں کسان کو اپنی فصل کی مناسب قیمت نہیں مل رہی جبکہ عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی اور متضاد فیصلوں کے باعث قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر ضروری گندم درآمد کی جبکہ مقامی کسانوں سے ان کی فصل مناسب قیمت پر نہیں خریدی گئی۔ سرکاری خریداری نہ ہونے سے کسان آڑھتیوں اور مڈل مین کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے، جبکہ کھاد، بیج، زرعی ادویات، بجلی اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے کسانوں کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق گندم کا بحران صرف کسانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی غذائی تحفظ کا بھی اہم معاملہ ہے۔ پارٹی نے گندم بحران کی آزادانہ عدالتی یا پارلیمانی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے لیے لاگت اور مناسب منافع کے مطابق امدادی نرخ مقرر کیے جائیں۔

پی ٹی آئی نے ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور گندم مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی، زرعی مداخل کی قیمتوں میں فوری کمی اور حکومت سے اپنی زرعی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے عوام کو سستا آٹا اور کسانوں کو ان کا حق دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button