متحدہ عرب امارات

گرمیوں کی تعطیلات ختم، یو اے ای واپسی کے فضائی کرایوں میں اضافہ

خلیج رادو
متحدہ عرب امارات واپس آنے والے مسافروں کو اگست کے آخری ہفتے میں فضائی ٹکٹ مہنگے پڑ سکتے ہیں، کیونکہ اسکولوں کی تعطیلات ختم ہونے سے قبل بڑی تعداد میں خاندان واپسی کے لیے پروازیں بک کر رہے ہیں جبکہ سستے ٹکٹ تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔

ٹریول ایجنٹس کے مطابق کئی مسافر واپسی کی ٹکٹ پہلے سے بک کیے بغیر بیرونِ ملک گئے تھے، لیکن اب آخری وقت میں نشستیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کے باعث زیادہ تر مقبول روٹس پر کرایوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اگست کے آخری ہفتے میں لندن سے دبئی یا شارجہ کی براہِ راست یک طرفہ پرواز کا کرایہ تقریباً 1,473 درہم تک پہنچ گیا، جبکہ ایک اسٹاپ والی پروازیں 741 درہم سے دستیاب ہیں۔

کوچی سے دبئی براہِ راست پروازوں کا کرایہ 1,640 سے 1,930 درہم کے درمیان ہے، جو ستمبر کے پہلے ہفتے میں کم ہو کر تقریباً 1,150 درہم رہ جاتا ہے۔

ممبئی سے دبئی براہِ راست پروازوں کے کرایے 1,210 سے 1,310 درہم تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ چند روز بعد یہی کرایے 800 سے 915 درہم کے درمیان ہیں۔ دہلی سے بھی اگست کے آخری ہفتے میں کرایے زیادہ ہیں، تاہم اسکول کھلنے کے بعد ان میں کمی متوقع ہے۔ بنگلورو سے پروازوں کے کرایے نسبتاً مستحکم ہیں۔

کراچی سے یو اے ای کی پروازوں کے کرایے 786 سے 798 درہم کے درمیان ریکارڈ کیے گئے، جبکہ لاہور سے براہِ راست پروازوں کا کرایہ 1,050 درہم سے زائد ہے۔ بیروت سے پروازوں کے کرایے 1,300 درہم سے اوپر ہیں، تاہم مختلف ایئرلائنز کے مطابق ان میں فرق موجود ہے۔

ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ اگست کا آخری ہفتہ سال کے مصروف ترین سفری اوقات میں شمار ہوتا ہے، کیونکہ بیشتر خاندان اسکول کھلنے سے پہلے یو اے ای واپس پہنچنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق نشستیں تیزی سے بھر رہی ہیں، اس لیے کرایوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

ماہرین نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر واپسی کی ٹکٹ ابھی تک بک نہیں کرائی تو فوری بکنگ کریں، قریبی ایئرپورٹس اور مختلف ایئرلائنز کے کرایوں کا موازنہ کریں اور ضرورت پڑنے پر کنیکٹنگ فلائٹس یا متبادل اوقاتِ سفر پر بھی غور کریں تاکہ نسبتاً کم قیمت پر ٹکٹ حاصل کیا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button