متحدہ عرب امارات

دبئی کی سڑکوں سے پیرس فیشن ویک تک، یو اے ای میں مقیم سوڈانی ماڈل نے چینل کی تاریخ رقم کر دی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مقیم سوڈانی ماڈل نور یحییٰ نے پیرس فیشن ویک میں عالمی فیشن برانڈ چینل (Chanel) کے لیے ریمپ پر واک کرنے والی پہلی یو اے ای میں مقیم سوڈانی ماڈل بن کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

نور یحییٰ نے بتایا کہ جب وہ اپنے ماڈلنگ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے دبئی آئیں تو روزانہ اپنا پورٹ فولیو ہاتھ میں لے کر شہر بھر میں مختلف کاسٹنگز اور انٹرویوز کے لیے گھنٹوں شدید گرمی میں پیدل چلتی تھیں، مگر مسلسل مسترد ہونے کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ روایتی ملازمت کی تلاش میں نہیں بلکہ صرف ماڈلنگ کا خواب لے کر یو اے ای آئی تھیں۔ اگرچہ دوستوں اور اہلِ خانہ نے انہیں مستقل ملازمت کے ساتھ ماڈلنگ جاری رکھنے کا مشورہ دیا، لیکن انہیں مطلوبہ ملازمت بھی نہ مل سکی۔

نور نے سوڈان کی یونیورسٹی آف خرطوم سے اکنامکس کی تعلیم حاصل کی تھی اور گریجویشن کے بعد ایک مستحکم ملازمت بھی کی، تاہم وہ خود کو اس شعبے میں مطمئن محسوس نہیں کرتی تھیں۔ ایک اتفاقیہ فوٹو شوٹ نے انہیں ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھنے کا حوصلہ دیا، جس کے بعد انہوں نے ملازمت چھوڑ کر اپنے شوق کو پیشہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

ان کے مطابق ماڈلنگ میں سب سے بڑا چیلنج مسلسل مسترد کیے جانے کو قبول کرنا تھا، لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے سیکھ لیا کہ ہر انکار کا مطلب صلاحیت کی کمی نہیں بلکہ بعض اوقات کسی اور کا کسی مخصوص پروجیکٹ کے لیے زیادہ موزوں ہونا ہوتا ہے۔

مارچ 2026 میں نور نے پیرس فیشن ویک کے فال/ونٹر 2026-2027 شو میں چینل کے لیے واک کی۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مراحل پر مشتمل آڈیشن اور فٹنگ کے بعد انہیں ایک کیفے میں بیٹھے ہوئے فون کال موصول ہوئی کہ ان کا انتخاب ہو گیا ہے، جس پر وہ خوشی سے چیخ اٹھیں۔

نور یحییٰ نے کہا کہ چینل کے لیے واک کرنا صرف ایک کامیابی نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہر مشکل فیصلہ، ہر ناکامی اور ہر جدوجہد انہیں اس مقام تک پہنچانے میں اہم ثابت ہوئی۔

انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک اہم پہلو کا بھی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بچپن میں انہیں یہ احساس دلایا جاتا تھا کہ گوری رنگت زیادہ خوبصورت ہوتی ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے جلد کو گورا کرنے والی مصنوعات بھی استعمال کیں۔ بعد میں انہوں نے یہ سلسلہ ترک کر دیا اور اپنی قدرتی رنگت کو قبول کرتے ہوئے خود پر فخر کرنا سیکھا۔

نور کا کہنا ہے کہ خوبصورتی کا تعلق رنگت سے نہیں بلکہ خود کو قبول کرنے اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے سے ہے، اور ان کے لیے چینل کے ریمپ تک کا سفر اسی اعتماد اور ثابت قدمی کی علامت ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button