متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 31 ادارے بند، 104 کے خلاف قانونی کارروائی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران 31 ادارے بند کر دیے گئے، جبکہ 104 اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ کمیٹیوں کو بھیج دیا گیا۔

یہ کارروائیاں وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات (MOCCAE) اور مقامی حکام کی جانب سے ملک بھر میں مشترکہ طور پر چلائی گئی 30 انسپیکشن مہمات کے دوران کی گئیں۔

ان کارروائیوں کے دوران 269 اداروں کا معائنہ کیا گیا، جن میں پالتو جانوروں کی دکانیں، مویشی اور پرندوں کی منڈیاں، نرسریاں اور دیگر متعلقہ کاروباری مراکز شامل تھے۔

حکام نے 45 اداروں کو خلاف ورزیاں دور کرنے کے لیے وارننگ جاری کی، جبکہ 16 اداروں کی سرگرمیاں اس وقت تک معطل کر دی گئیں جب تک وہ قانونی تقاضے پورے نہیں کرتے۔

معائنوں کے دوران جانوروں کی فلاح و بہبود، ماحولیاتی تحفظ اور خطرے سے دوچار جنگلی حیات کی بین الاقوامی تجارت سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بغیر مطلوبہ لائسنس یا قانونی منظوری کے کام کرنے والے کاروبار بھی کارروائی کی زد میں آئے۔

وزارت نے جانوروں سے متعلق کاروبار کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے لائسنس اور قانونی دستاویزات مکمل کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزارت کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے ریجنز مروان عبداللہ الزعابی نے کہا کہ وفاقی اور مقامی اداروں کے درمیان تعاون سے ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عمل درآمد، نگرانی کے نظام میں بہتری اور کاروباری اداروں کی قانون پر عملداری کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں، بریڈرز اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد میں قوانین اور خلاف ورزی کی صورت میں سزاؤں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا بھی ضروری ہے تاکہ خوراک کا تحفظ، حیاتیاتی تنوع کا تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزارت نے بتایا کہ خصوصی ٹیمیں سوشل میڈیا پر ایسے اکاؤنٹس کی بھی نگرانی کر رہی ہیں جو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر مبنی مواد شائع یا فروغ دیتے ہیں۔ خلاف ورزی ثابت ہونے پر ایسے اکاؤنٹس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ وزارت لائسنس یافتہ ماحولیاتی، زرعی، حیوانی اور ماہی گیری سے متعلق اداروں کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا رہی ہے، جس سے انسپیکشن اور نگرانی کا عمل مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔

وزارت نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیاتی قوانین کی کسی بھی مبینہ خلاف ورزی کی اطلاع تواصل 171 (Tawasul 171) پلیٹ فارم کے ذریعے دیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button