
متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز بارش اور ژالہ باری کے بعد نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (NCM) نے عوام کے لیے پیلے اور نارنجی الرٹس جاری کر دیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی علاقوں میں گرج چمک والے بادل بننے کی پیش گوئی کی گئی تھی، جن کے باعث بارش ہوئی۔
این سی ایم نے فجیرہ، خورفکان اور راس الخیمہ کے بعض علاقوں کے لیے الرٹس جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ژالہ باری کے حوالے سے بھی خصوصی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں مصفی کے علاقے میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری دیکھی گئی۔
این سی ایم کے مطابق گرج چمک والے بادلوں اور بارش کا امکان شام 7 بجے (یو اے ای وقت) تک برقرار رہے گا۔
این سی ایم کی احتیاطی ہدایات:
- بارش کے دوران گاڑی احتیاط سے چلائیں۔
- نشیبی علاقوں اور برساتی پانی جمع ہونے والی جگہوں سے دور رہیں۔
- آسمانی بجلی اور گرج چمک کے دوران کھلے یا بلند مقامات پر جانے سے گریز کریں۔
- تیز جھکڑوں کے باعث اڑنے والی اشیا اور حدِ نگاہ میں کمی کے امکان سے محتاط رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں موسم گرما میں یو اے ای میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل نینو (El Niño) کے اثرات کے باعث اکتوبر اور نومبر میں فضا میں نمی بڑھنے سے بارشوں کے امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔







