
ایمریٹس اسکائی وارڈز کے اراکین اب اپنے Skywards Miles استعمال کرتے ہوئے یورپ کے 12 ہزار سے زائد مقامات کے لیے ٹرین ٹکٹ بک کر سکیں گے۔ یہ سہولت نئے Skywards Rail پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔
اس نئی سروس کے تحت صارفین 12 یورپی ممالک میں 40 سے زائد ریلوے آپریٹرز کی مقامی، بین الاقوامی اور ہائی اسپیڈ ٹرین سروسز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اراکین آن لائن یا موبائل کے ذریعے ٹرینوں کے شیڈول دیکھ سکتے ہیں، سفر کی کلاس اور ٹکٹ کی قسم منتخب کر سکتے ہیں اور مکمل ادائیگی مائلز یا Cash + Miles کے ذریعے کر سکتے ہیں۔ وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے لیے بھی ٹکٹ بک کر سکتے ہیں، جبکہ ای ٹکٹ ای میل کے ذریعے موصول ہوگا۔ یہ سروس پانچ زبانوں میں دستیاب ہے۔
چند نمایاں روٹس اور درکار مائلز:
- برلن سے فرینکفرٹ: 4,100 مائلز
- ہیتھرو ایکسپریس: 4,700 مائلز
- بارسلونا سے میڈرڈ: 5,400 مائلز
- روم سے میلان: 8,100 مائلز
- لندن سے پیرس: 9,400 مائلز
اس پروگرام میں شامل نمایاں ریلوے آپریٹرز میں یورو اسٹار، ڈوئچے بان، SNCF، ٹرینیٹالیا، TGV، رینفے، ÖBB، ہیتھرو ایکسپریس، گیٹوک ایکسپریس، تھیمزلنک، گریٹ ویسٹرن ریلوے اور اسکاٹ ریل شامل ہیں۔
ایمریٹس اسکائی وارڈز کے ڈویژنل سینئر نائب صدر ڈاکٹر نجیب بن خضر کے مطابق مسافر اپنے مائلز استعمال کرنے کے مزید لچکدار طریقے چاہتے ہیں، اور Skywards Rail پروگرام کو فضائی سفر سے آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نئی سہولت کے ذریعے مسافر ایمریٹس یا فلائی دبئی کی پروازوں کے بعد یورپ کے مختلف شہروں تک آسانی سے ٹرین کے ذریعے سفر کر سکیں گے یا نئے مقامات کی سیر بھی کر سکیں گے۔
سال 2000 میں شروع ہونے والے ایمریٹس اسکائی وارڈز پروگرام کے اس وقت 190 ممالک میں 3 کروڑ 90 لاکھ سے زائد اراکین ہیں، جبکہ ہر ہفتے 78 ہزار سے زیادہ نئے اراکین اس پروگرام میں شامل ہوتے ہیں۔







