
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کے موسم کے باوجود بعض علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ہے۔
قومی مرکز موسمیات (NCM) نے پہلے ہی مشرقی اور اندرونی علاقوں میں بادل بننے اور بارش کے امکانات کی پیشگوئی کی تھی۔
یو اے ای میں موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے والے اکاؤنٹ اسٹارم سینٹر نے فجیرہ کے علاقے مرباد میں ژالہ باری کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ مرباد مسافی اور حجر پہاڑی سلسلے کے قریب واقع ہے۔
اسٹارم سینٹر نے مسافی میں بارش کی ویڈیو بھی جاری کی۔ حجر پہاڑوں کے کنارے واقع مسافی اپنی قدرتی منرل واٹر کے لیے مشہور ہے۔
اس کے علاوہ ملک کے مشرقی علاقے میں الوطن اسٹریٹ پر بھی بارش دیکھی گئی۔
ژالہ باری کے دوران احتیاطی تدابیر
قومی مرکز موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ:
- موسم کی تازہ صورتحال کے لیے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں
- متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں
- این سی ایم کی رپورٹس کو فالو کریں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں
ایل نینو موسمی رجحان
دنیا اس وقت ایل نینو موسمی رجحان سے بھی متاثر ہے، جس میں بحرالکاہل کے وسطی اور مشرقی حصوں کے پانی کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایل نینو براہ راست یو اے ای میں موسم کی تبدیلی کا سبب نہیں بنتا، تاہم یہ موسمی حالات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
یہ ضروری نہیں کہ ایل نینو کی وجہ سے یو اے ای میں زیادہ بارش ہو، بعض اوقات یہ کچھ موسموں میں بارش میں اضافے جبکہ بعض حالات میں خشک موسم اور زیادہ اتار چڑھاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔
قومی مرکز موسمیات کے ماہر موسمیات احمد حبیب کے مطابق یہ رجحان خزاں کے موسم میں یو اے ای کے موسم پر زیادہ اثر انداز ہو سکتا ہے۔
موسم کی تبدیلی کے ساتھ فضا میں نمی میں اضافہ متوقع ہے، جس سے ملک میں بارش کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔







