متحدہ عرب امارات

دبئی کی آبادی 47 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی، 2026 میں ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد نئے رہائشی شامل

خلیج اردو
دبئی کی آبادی 47 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ لائیو اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک دبئی میں ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد نئے رہائشی شامل ہوچکے ہیں۔

دبئی پاپولیشن کلاک کے مطابق 30 جولائی کو دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر امارت کی آبادی 47 لاکھ 41 ہزار 335 ریکارڈ کی گئی، جو 2025 کے اختتام پر موجود 45 لاکھ 80 ہزار آبادی کے مقابلے میں ایک لاکھ 61 ہزار 335 زیادہ ہے۔

اعداد و شمار میں ایسے افراد شامل ہیں جو دبئی میں کم از کم چھ ماہ سے مقیم ہیں یا آئندہ کم از کم چھ ماہ یہاں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دبئی میں دن کے اوقات میں موجود افراد کی تعداد اوسطاً 63 لاکھ 92 ہزار تک پہنچ جاتی ہے۔ اس میں مستقل رہائشیوں کے علاوہ تقریباً 18 لاکھ 12 ہزار افراد کام، سیاحت، تعلیم، خریداری یا دیگر مختصر مدتی مقاصد کے لیے دبئی میں موجود ہوتے ہیں۔

دن کے وقت اضافی آبادی دبئی کی مستقل آبادی کے تقریباً 40 فیصد کے برابر ہے، جس کے باعث سڑکوں، پبلک ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم، بجلی، پانی اور دیگر سہولیات کی منصوبہ بندی میں اس تعداد کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔

2025 میں دبئی کی آبادی میں تقریباً 3 لاکھ 32 ہزار کا اضافہ ہوا تھا اور سالانہ شرحِ نمو 7.5 فیصد رہی جو امارت کی تاریخ میں بلند ترین شرحوں میں سے ایک ہے۔

نئے ریئل ٹائم پاپولیشن سینسس نظام کے تحت دبئی کی آبادی کے اعداد و شمار مسلسل اپ ڈیٹ کیے جارہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے سرکاری ریکارڈز، مختلف حکومتی ڈیٹا بیسز، سمارٹ سسٹمز، مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور پیش گوئی پر مبنی تجزیاتی نظام استعمال کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button