
خلیج اردو
دبئی پولیس کے 2026 سمر اسٹوڈنٹ پروگرام میں سینکڑوں طلبہ نے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران موبائل فون اور گھروں تک محدود رہنے کے بجائے جسمانی تربیت، فوجی مشقوں، کھیلوں اور کردار سازی کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
دبئی پولیس کے کمانڈر ان چیف خلیفہ المری کی سرپرستی میں پروگرام کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جہاں طلبہ کی کئی ہفتوں پر مشتمل تربیت مکمل ہونے پر انہیں اسناد دی گئیں۔
پروگرام میں طلبہ کے دن کا آغاز جسمانی ورزش سے ہوتا تھا جس کے بعد فوجی مشقیں، مارچنگ، ٹیم ورک، کھیل اور دیگر سرگرمیاں کرائی جاتی تھیں۔
طلبہ کے مطابق پروگرام نے انہیں نظم و ضبط، احترام، ذمہ داری اور اعتماد جیسے اہم اصول سکھائے۔ بعض طلبہ نے بتایا کہ وہ اگلے سال بھی پروگرام میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔
والدین نے بھی بچوں میں آنے والی مثبت تبدیلیوں کو سراہا۔ ان کے مطابق اگر بچے پروگرام میں شریک نہ ہوتے تو ممکنہ طور پر گھر میں موبائل فون اور آئی پیڈ استعمال کرتے رہتے، لیکن سمر کیمپ میں انہوں نے ورزش کے ساتھ نظم و ضبط اور ذمہ داری سیکھی۔
والدین کا کہنا تھا کہ پروگرام کے بعد بچوں کے رویوں میں واضح تبدیلی دیکھی گئی اور وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ پرسکون، بالغ اور ذمہ دار ہوگئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پروگرام میں شریک کئی طلبہ دوسری یا تیسری مرتبہ بھی سمر کیمپ کا حصہ بنے۔ طلبہ کے مطابق پروگرام کا ماحول اور سرگرمیاں انہیں دوبارہ شرکت کے لیے راغب کرتی ہیں۔
دبئی پولیس کے سمر پروگرام نے بچوں کو صرف جسمانی تربیت ہی نہیں دی بلکہ ان میں خود اعتمادی، ذمہ داری اور نظم و ضبط کا احساس بھی پیدا کیا جو گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد بھی ان کی شخصیت کا حصہ رہ سکتا ہے۔







