متحدہ عرب امارات

روسی سرحد پر 5 گھنٹے سے پھنسے دو اماراتی شہری، سفیر کی مداخلت سے چند منٹ میں مسئلہ حل

خلیج اردو

روس کی سرحد پر تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے تک مشکلات کا سامنا کرنے والے دو اماراتی شہریوں کا مسئلہ متحدہ عرب امارات کے روس میں سفیر کی مداخلت کے بعد صرف 3 سے 5 منٹ میں حل ہوگیا۔

اماراتی شہری طارق الحارثی نے بتایا کہ وہ ایک ساتھی کے ہمراہ یورپ کے مختلف ممالک کا روڈ ٹرپ مکمل کرکے روس کے ایک خطے میں زمینی سرحدی گزرگاہ پر پہنچے تھے۔ سفر سے قبل انہوں نے متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی سفری ہدایات بھی چیک کی تھیں اور راستے کے حوالے سے کسی قسم کی وارننگ یا الرٹ موجود نہیں تھا۔

طارق الحارثی کے مطابق تمام سفری دستاویزات درست ہونے کے باوجود انہیں سرحد پر تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے روکے رکھا گیا اور ان سے سفر، دورہ کیے گئے ممالک اور روس جانے کے مقصد سے متعلق بار بار سوالات کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں وہ ماسکو میں قائم اماراتی سفارتخانے سے رابطہ کرنے میں ہچکچا رہے تھے تاہم ساتھی کے اصرار پر انہوں نے سفارتخانے سے رابطہ کیا۔ ان کے مطابق روس میں متحدہ عرب امارات کے سفیر ڈاکٹر محمد الجابر نے خود فون اٹھایا۔

طارق الحارثی کے مطابق سفیر نے سرحدی گزرگاہ کا نام پوچھا اور انہیں یقین دلایا کہ معاملہ حل کردیا جائے گا۔ صرف 3 سے 5 منٹ بعد سرحدی حکام کو ایک فون کال موصول ہوئی جس کے بعد دونوں شہریوں کے ساتھ حکام کے رویے میں فوری تبدیلی آگئی۔

انہوں نے بتایا کہ حکام نے معذرت کی، ان سے پوچھا کہ وہ اپنا سفر جاری رکھنا چاہتے ہیں یا واپس جانا چاہتے ہیں اور تمام کارروائی بغیر مزید تاخیر کے مکمل کردی۔ سرحد عبور کرنے کے بعد سفیر محمد الجابر نے ذاتی طور پر دوبارہ فون کرکے ان کی خیریت اور محفوظ داخلے کی تصدیق بھی کی۔

طارق الحارثی نے بیرون ملک اماراتی شہریوں کی مدد کے لیے وزارت خارجہ اور سفارتی مشنز کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے اماراتی شہریوں کو بیرون ملک سفر سے قبل وزارت خارجہ کی ’تواجدي‘ سروس میں رجسٹریشن کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو معلوم نہیں ہوتا کہ کب مدد کی ضرورت پڑ جائے۔ قدرتی آفت یا کسی ہنگامی صورتحال میں رجسٹریشن کے ذریعے حکام کو معلوم ہوتا ہے کہ شہری کہاں موجود ہے اور وہ بروقت اس تک پہنچ کر مدد فراہم کرسکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button