
ابوظبی میں یکم جنوری 2027 سے سپر مارکیٹس کو جنک فوڈ اور غیر صحت بخش مشروبات کو اسٹور کے داخلی راستوں، کیش کاؤنٹرز اور گلیاروں کے اختتامی حصوں جیسے نمایاں مقامات پر رکھنے سے روک دیا جائے گا۔
نئی پالیسی ہیلتھی لیونگ نے ابوظبی رجسٹریشن اتھارٹی کے تعاون سے متعارف کرائی ہے۔ اس کا اطلاق آن لائن سپر مارکیٹ پلیٹ فارمز پر بھی ہوگا جہاں زیادہ چکنائی، نمک اور چینی والی اشیا کو نمایاں انداز میں دکھانے پر پابندی ہوگی۔
ابوظبی پبلک ہیلتھ سینٹر کے SEHHI نظام کے تحت غیر صحت بخش قرار دی جانے والی اشیا آن لائن سپر مارکیٹس کے ہوم پیجز، سرچ رزلٹس، چیک آؤٹ پیجز اور پروموشنل پاپ اپس پر نمایاں طور پر نظر نہیں آئیں گی۔ فزیکل اسٹورز میں یہ ضوابط 4 ہزار مربع فٹ سے بڑے سپر مارکیٹس پر لاگو ہوں گے۔
صارفین اپنی پسند کی اشیا بدستور خرید سکیں گے اور یہ مصنوعات اسٹور کی شیلف پر دستیاب رہیں گی۔ پالیسی کا مقصد جنک فوڈ کی فروخت پر پابندی لگانا نہیں بلکہ نمایاں مقامات سے ایسی اشیا کو ہٹا کر غیر ارادی اور فوری خریداری کے رجحان کو کم کرنا ہے تاکہ صحت مند انتخاب زیادہ آسانی سے دستیاب ہوں۔
ابوظبی رجسٹریشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد منیف المنصوری نے کہا کہ صارفین کی صحت، سلامتی اور فلاح و بہبود کو ترجیح دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔
ہیلتھی لیونگ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد الخزرجی نے کہا کہ یہ پالیسی رویوں سے متعلق سائنسی تحقیق اور عملی شواہد کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ ان کے مطابق جب صارفین کو سب سے پہلے کم صحت بخش اشیا کے بجائے بہتر غذائی انتخاب نظر آئیں تو صحت مند چیزوں کا انتخاب زیادہ فطری بن جاتا ہے۔
ابوظبی بھر کے ریٹیلرز پالیسی پر عملدرآمد کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ کیریفور ابوظبی کی متعدد شاخوں میں لازمی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی نئی پالیسی نافذ کرنے والے ابتدائی ریٹیلرز میں شامل ہوگیا ہے۔
یہ اقدام ابوظبی کی وسیع تر ہیلتھی لیونگ حکمت عملی کا حصہ ہے جس میں کھانے اور مشروبات کی ذمہ دارانہ تشہیر اور اسکولوں میں صحت مند کھانے کے معیارات بھی شامل ہیں۔
ابوظبی کے اسکولوں اور تعلیمی اداروں کی کینٹینز میں بھی جنک فوڈ پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ اسکولوں کو صحت مند غذائی ماحول فراہم کرنے، غذائیت سے بھرپور خوراک کی حوصلہ افزائی اور ممنوعہ کھانے پینے کی اشیا کی فہرست والدین اور عملے تک واضح طور پر پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔







