
خلیج اردو
دبئی حکومت کے گرمیوں کے دوران لچکدار اوقاتِ کار کے پروگرام ”Our Flexible Summer 2026“ کے مثبت نتائج سامنے آگئے۔ سروے کے مطابق 98 فیصد ملازمین نے زیادہ خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا جبکہ 97 فیصد نے کہا کہ لچکدار اوقاتِ کار کے باوجود ان کی پیداواری صلاحیت برقرار رہی۔
دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پروگرام کے تحت 96 فیصد شرکا نے سرکاری خدمات کے معیار اور کارکردگی کو بھی بلند قرار دیا۔ نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ کم یا لچکدار اوقاتِ کار کے باوجود دفتری امور اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات متاثر نہیں ہوئیں۔
یہ اقدام دبئی حکومت نے مسلسل دوسرے سال متعارف کرایا ہے جس میں 49 سرکاری اداروں اور 24 ہزار سے زائد ملازمین نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود، کام اور زندگی میں توازن اور ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ علی بن زاید الفلاسی نے کہا کہ نتائج ثابت کرتے ہیں کہ کام میں لچک کارکردگی کم کرنے کے بجائے اسے بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔
ان کے مطابق ملازمین کو زیادہ لچک فراہم کرنے سے ان میں پیداواری صلاحیت اور جدت کے مواقع بڑھتے ہیں جبکہ بہتر ماحول کا براہِ راست اثر سرکاری خدمات کے معیار اور اداروں کی مجموعی کارکردگی پر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی حکومت مستقبل میں بھی ایسے لچکدار ورک ماڈلز کو فروغ دیتی رہے گی جو ملازمین کی خوشی اور کارکردگی کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں کو مزید مؤثر، مستحکم اور جدید بنانے میں مدد دیں۔







