
خلیج اردو
ابوظہبی میں پالتو جانوروں کی لازمی رجسٹریشن کی مقررہ مہلت ختم ہوگئی ہے جس کے بعد غیر رجسٹرڈ پالتو جانور رکھنے والے مالکان پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔
ابوظہبی حکام نے فروری 2025 میں شہریوں کے لیے بلیوں اور کتوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دی تھی۔ انفرادی مالکان کو رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے ایک سال کی مہلت دی گئی تھی جو 3 فروری 2026 کو ختم ہوگئی۔
حکام کے مطابق پالتو جانوروں کی رجسٹریشن کا مقصد بلیوں اور کتوں سے متعلق درست اور جامع ڈیٹا بیس قائم کرنا ہے تاکہ ویٹرنری خدمات، ویکسینیشن پروگرامز اور آوارہ جانوروں کی روک تھام کے اقدامات بہتر انداز میں کیے جاسکیں۔
محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے مطابق رجسٹریشن کے ذریعے ہر پالتو جانور کو اس کے مالک، طبی ریکارڈ اور مائیکروچپ سے منسلک کیا جاتا ہے۔ اس سے ویکسینیشن کا ریکارڈ برقرار رکھنے، گمشدہ جانوروں کو ان کے مالکان تک جلد پہنچانے اور آوارہ جانوروں کی تعداد کم کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ قانون ابوظہبی میں موجود تمام بلیوں اور کتوں پر لاگو ہوتا ہے۔ پالتو جانوروں کی دکانوں، شیلٹرز اور کیٹریز جیسے اداروں کو رجسٹریشن کے لیے چھ ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔
اگر پالتو جانور ایک شخص سے دوسرے شخص کو منتقل کیا جائے یا کسی ادارے سے نجی مالک کو دیا جائے تو ملکیت کی منتقلی بھی سرکاری نظام میں اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے۔ نئے مالک پر رجسٹریشن کی تجدید اور دیگر ضوابط کی پابندی کی ذمہ داری ہوگی۔
ابوظہبی میں پالتو جانور کیسے رجسٹر کریں؟
پالتو جانور کو لائسنس یافتہ ویٹرنری کلینک لے جانا ہوگا جہاں اس کی مائیکروچپ کی تصدیق کی جائے گی۔ اگر مائیکروچپ موجود نہ ہو تو جانور کو مائیکروچپ لگائی جائے گی۔
ویٹرنری ڈاکٹر جانور کا بنیادی طبی معائنہ کرے گا اور ویکسینیشن کا ریکارڈ بھی چیک کرے گا۔
اس کے بعد ڈاکٹر TAMM کے ذریعے مالک کی تفصیلات درج کرے گا جس کے لیے ایمریٹس آئی ڈی اور فعال UAE Pass اکاؤنٹ درکار ہوگا۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد مالک کو تصدیقی اطلاع اور جانور کی ملکیت کا سرکاری سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
انفرادی مالکان کے لیے پالتو جانوروں کی رجسٹریشن مفت ہے۔
رجسٹریشن کے لیے کیا درکار ہے؟
ایمریٹس آئی ڈی، فعال UAE Pass اکاؤنٹ، پالتو جانور اور اگر دستیاب ہو تو ویکسینیشن کا ریکارڈ درکار ہوگا۔
12 ہفتوں سے کم عمر پالتو جانوروں کے لیے ذاتی فائل نمبر جاری کیا جاتا ہے جبکہ مطلوبہ عمر تک پہنچنے اور ویکسینیشن مکمل ہونے کے بعد ملکیت کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
رجسٹریشن نہ کرانے پر کتنا جرمانہ ہوگا؟
غیر رجسٹرڈ پالتو جانور رکھنے پر مالک کو فی جانور ایک ہزار درہم جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
جانوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق خلاف ورزیوں پر الگ جرمانے بھی عائد کیے جاسکتے ہیں۔ پالتو جانور کو لاوارث چھوڑنے پر 2 ہزار درہم جبکہ جانور کو نظر انداز کرنے یا اس کے ساتھ بدسلوکی پر 5 ہزار درہم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
حکام کے مطابق اب رجسٹریشن کے ضوابط پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے اور مزید رعایتی مدت کا اعلان نہیں کیا گیا۔







