متحدہ عرب امارات

فلپائن کا اوورسیز ورکرز کے بچوں اور بہن بھائیوں کے لیے کالج اسکالرشپس کا اعلان، 3,600 درہم تک مالی معاونت

خلیج اردو
فلپائن نے بیرون ملک کام کرنے والے شہریوں یعنی اوورسیز فلپینو ورکرز (OFWs) کے بچوں اور بہن بھائیوں کو کالج کی تعلیم کے اخراجات میں مدد کے لیے اسکالرشپ پروگرامز میں درخواستیں دینے کی ترغیب دی ہے۔

اوورسیز ورکرز ویلفیئر ایڈمنسٹریشن (OWWA) نے اہل امیدواروں کے لیے دو اسکالرشپ پروگرامز متعارف کرا رکھے ہیں۔ ان پروگرامز کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ اوورسیز فلپینو ورکر کی OWWA رکنیت فعال ہو۔

پہلا پروگرام OFW Dependent Scholarship Program (ODSP) ہے جس کے تحت سالانہ 20 ہزار فلپائن پیسو یعنی تقریباً 1,200 درہم تک مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

دوسرا Education for Development Scholarship Programme (EDSP) ہے جس کے تحت گریڈ 12 مکمل کرنے والے طلبہ کو سالانہ 60 ہزار فلپائن پیسو یعنی تقریباً 3,600 درہم تک اسکالرشپ مل سکتی ہے۔ اس کے لیے امیدوار کو محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (DOST) کے زیر اہتمام کوالیفائنگ امتحان پاس کرنا ہوتا ہے۔

فلپائن انفارمیشن ایجنسی کے مطابق رواں سال پالاون صوبے کے دو طلبہ EDSP کے لیے اہل قرار پائے ہیں اور انہیں اسکالرشپ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

29 جولائی کو Kapihan sa PIA فورم سے خطاب کرتے ہوئے OWWA پالاون کی فیملی ویلفیئر افسر اڈگنیتا ایلیجان نے بتایا کہ ادارہ کئی برسوں سے طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق اسکالرشپ حاصل کرنے والے بعض طلبہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر، انجینئر اور دیگر شعبوں کے پروفیشنل بن چکے ہیں۔

صرف پالاون میں 2025 کے دوران تقریباً 70 نئے اسکالرز کو OWWA کے اسکالرشپ پروگرام میں شامل کیا گیا جبکہ گزشتہ برسوں سے مالی معاونت حاصل کرنے والے طلبہ بھی پروگرام کا حصہ رہے۔

اسکالرشپ کے لیے کون درخواست دے سکتا ہے؟

درخواست گزار کا غیر شادی شدہ ہونا ضروری ہے جبکہ اس کے والدین یا بہن بھائی میں سے متعلقہ OFW کی OWWA رکنیت درخواست کے وقت فعال ہونی چاہیے۔

OWWA کے مطابق اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو گریجویشن تک مالی معاونت جاری رہ سکتی ہے، چاہے اسکالرشپ ملنے کے بعد ان کے OFW والدین یا بہن بھائی بیرون ملک کام کرنا چھوڑ دیں۔

حکام نے OFWs پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی OWWA رکنیت فعال رکھیں تاکہ وہ ادارے کے اسکالرشپ اور دیگر فلاحی پروگرامز سے فائدہ اٹھا سکیں۔

نئے بیرون ملک جانے والے فلپائنی ورکرز کو محکمہ مائیگرنٹ ورکرز (DMW) کے ذریعے بیرون ملک ملازمت کی کارروائی کے دوران خودکار طور پر OWWA میں رجسٹر کیا جاتا ہے۔ رکنیت عام طور پر دو سال یا ملازمت کے معاہدے کی مدت تک برقرار رہتی ہے۔

اسکالرشپ کے خواہشمند طلبہ کو OWWA کی آفیشل ویب سائٹ پر آن لائن درخواستوں کے آغاز سے متعلق اعلان پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چونکہ اسکالرشپ کی نشستیں محدود ہیں اس لیے طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ضروری دستاویزات پہلے سے تیار رکھیں اور درخواست دینے سے قبل اپنے OFW والدین یا بہن بھائی کی OWWA رکنیت فعال ہونے کی تصدیق کرلیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button