متحدہ عرب امارات

دبئی کے وفی مال میں ٹکٹ لیس پیڈ پارکنگ سسٹم شروع، ادائیگی سلیک اکاؤنٹ سے ہوگی

خلیج اردو
دبئی کے وفی مال میں پارکنگ کا نیا ٹکٹ لیس پیڈ سسٹم شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت گاڑیوں کی پارکنگ فیس خودکار طریقے سے ادا کی جاسکے گی۔

پارکنگ آپریٹر پارکونک کے مطابق نئے نظام کے تحت گاڑیوں کے مالکان QR کوڈ اسکین کرکے ادائیگی کرسکیں گے، جبکہ اگر ادائیگی مکمل نہ کی گئی تو گاڑی باہر نکلتے وقت رقم خودکار طور پر صارف کے سلیک اکاؤنٹ سے منہا کرلی جائے گی۔

وفی مال کی پارکنگ میں داخل ہوتے ہی گاڑی کا نمبر پلیٹ اسکین کیا جائے گا جو ڈیجیٹل ٹکٹ کے طور پر کام کرے گا، جس کے بعد کاغذی ٹکٹ کی ضرورت نہیں رہے گی۔

پارکنگ فیس کا نیا طریقہ کار

پارکنگ فیس پیر سے جمعہ تک لاگو ہوگی جبکہ ہفتہ، اتوار اور سرکاری تعطیلات پر پارکنگ مفت ہوگی۔

فیس کی تفصیل:

  • پہلے 3 گھنٹے: مفت
  • 3 سے 4 گھنٹے: 15 درہم
  • ہر اضافی گھنٹہ یا اس کے حصے کے لیے: 10 درہم

پارکنگ کے ایک سیشن کے اختتام کے بعد دو گھنٹے کے وقفے سے اسی دن مزید تین گھنٹے مفت پارکنگ کی سہولت حاصل کی جاسکے گی۔

اگر کوئی شخص تین گھنٹے کی مفت پارکنگ کے بعد وفی مال دوبارہ داخل ہوتا ہے تو اسے نئی انٹری تصور کیا جائے گا اور دو گھنٹے کے وقفے کے بعد ہی دوبارہ مفت پارکنگ کی سہولت مل سکے گی۔

حکام کے مطابق اس مقام پر نقد ادائیگی اور پارکنگ مشینوں کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔

لوڈنگ بے استعمال کرنے والی گاڑیوں کو تصدیق کے بعد ایک اضافی گھنٹے کی مفت پارکنگ دی جائے گی۔

پارکنگ فیس ادا نہ کرنے والے افراد کو جرمانے، بلیک لسٹنگ یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جن افراد کے پاس سلیک اکاؤنٹ موجود نہیں یا اکاؤنٹ میں رقم ناکافی ہے انہیں باہر نکلنے سے پہلے متبادل طریقے سے ادائیگی کرنا ہوگی۔

پارکونک اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے دیگر مقامات پر بھی پیڈ پارکنگ کا انتظام سنبھال چکا ہے جن میں ابوظہبی کے ویسٹ یاس پلازہ، یاس بے اور یاس مرینا، یو اے ای کے مختلف چوئترمز آؤٹ لیٹس، دبئی کی ڈسکوری گارڈنز اور پام جمیرہ کریسنٹ شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button