متحدہ عرب امارات

علاقائی جنگ کے اثرات، وِن المار جان آئی لینڈ کی افتتاحی تاریخ ستمبر 2027 تک مؤخر

خلیج اردو

راس الخیمہ میں زیر تعمیر اربوں ڈالر کے منصوبے وِن المار جان آئی لینڈ کے افتتاح میں تاخیر ہوگئی ہے اور اب یہ ریزورٹ ستمبر 2027 میں مہمانوں کے لیے کھولا جائے گا۔

منصوبہ پہلے 2027 کی پہلی سہ ماہی میں کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم علاقائی جنگ کے باعث عالمی سپلائی چین، شپنگ انشورنس اور تعمیراتی سامان کی ترسیل متاثر ہونے کے بعد افتتاحی تاریخ آگے بڑھا دی گئی۔

وِن ریزورٹس کے چیف ایگزیکٹو کریگ بلنگز نے کمپنی کی دوسری سہ ماہی کی آمدنی سے متعلق اجلاس میں بتایا کہ ریزورٹ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جبکہ ہوٹل کے کمروں میں اندرونی کام شروع ہوچکا ہے۔

ان کے مطابق علاقائی تنازع کے باعث بعض تعمیراتی سامان اور آلات کو نئے ذرائع سے حاصل کرنا، متبادل راستوں سے منتقل کرنا یا فوری بنیادوں پر منگوانا پڑا۔

اس کے علاوہ عملے، کنسلٹنٹس کی نقل و حرکت اور دیگر غیر معمولی مسائل نے بھی منصوبے کے شیڈول اور اخراجات کو متاثر کیا۔

منصوبے کی لاگت میں 600 ملین ڈالر اضافہ

افتتاح میں تاخیر کے ساتھ منصوبے کے بجٹ میں بھی تقریباً 600 ملین ڈالر یعنی 2.2 ارب درہم کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

وِن ریزورٹس کے مطابق اضافی لاگت کا تقریباً نصف حصہ علاقائی تنازع سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں، تعمیراتی سامان اور شپنگ کے بڑھتے اخراجات جبکہ طویل تعمیراتی مدت کے باعث پری اوپننگ اور کیپیٹلائزڈ انٹرسٹ اخراجات سے متعلق ہے۔

باقی اضافی رقم منصوبے کی پیمائش میں تبدیلی، مختلف تعمیراتی شعبوں کے درمیان رابطہ کاری اور اتنے بڑے منصوبے سے متعلق دیگر اخراجات کی وجہ سے بڑھی ہے۔

وِن ریزورٹس کے سی ای او نے متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں معمول کی سرگرمیاں صحت مند ہیں اور کمپنی یو اے ای میں منصوبے کے حوالے سے پہلے کی طرح پُراعتماد ہے۔

وِن ریزورٹس اس منصوبے کو تعمیر کرنے والے مشترکہ منصوبے میں 40 فیصد حصص رکھتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس نے متعلقہ منصوبے میں حالیہ عرصے کے دوران 48.1 ملین ڈالر یعنی تقریباً 176.5 ملین درہم نقد رقم فراہم کی جس کے بعد منصوبے میں اس کی مجموعی نقد سرمایہ کاری 1.06 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button