
خلیج اردو
دبئی کی بس آن ڈیمانڈ سروس کا دائرہ کار مزید تین علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے جس کے بعد اب یہ سروس دبئی کے مجموعی طور پر 20 علاقوں میں دستیاب ہوگئی ہے۔
روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق السطوہ، القوز اور مردف کو بھی بس آن ڈیمانڈ سروس میں شامل کرلیا گیا ہے۔
نئی توسیع سے ان علاقوں کے رہائشیوں اور آنے والے افراد کو زیادہ لچکدار اور کم خرچ سفری سہولت میسر ہوگی جبکہ رہائشی علاقوں اور قریبی میٹرو یا پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنز کے درمیان سفر بھی آسان ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق 2026 کے پہلے 6 ماہ کے دوران 5 لاکھ 27 ہزار مسافروں نے بس آن ڈیمانڈ سروس استعمال کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 25.1 فیصد زیادہ ہے۔
جون 2026 میں سروس نے اب تک کی سب سے زیادہ ماہانہ مسافر تعداد ریکارڈ کی اور ایک لاکھ 5 ہزار 990 افراد نے بس آن ڈیمانڈ کے ذریعے سفر کیا۔
آر ٹی اے کے مطابق مسافروں کی بڑھتی تعداد عوام کے سروس پر اعتماد اور موبائل ایپ کے ذریعے آسان بکنگ کی سہولت کی عکاسی کرتی ہے۔
بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے سروس کے آپریٹنگ علاقوں کی تعداد میں 54 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ بسوں کا بیڑا بڑھا کر 55 کردیا گیا ہے۔
بس آن ڈیمانڈ سروس روایتی مقررہ روٹس اور اسٹاپس کے بجائے مسافر کے مقام اور منزل کے مطابق مشترکہ بس سفر کی بکنگ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
بس آن ڈیمانڈ سروس کیسے استعمال کریں؟
مسافر دبئی بس آن ڈیمانڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنی معلومات رجسٹر کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد پک اَپ اور ڈراپ آف مقامات درج کرکے ایپ کے ذریعے سفر بک کیا جاسکتا ہے۔
ادائیگی کے لیے کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ یا نول کارڈ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
آر ٹی اے کے مطابق بس آن ڈیمانڈ سروس اس وقت البرشا، النہضہ، دبئی سلیکان اویسس، دبئی اکیڈمک سٹی، الرِقہ، پور سعید، بزنس بے، ڈاؤن ٹاؤن دبئی، عود میتھا اور الکرامہ سمیت مختلف علاقوں میں چل رہی ہے۔
اس کے علاوہ البرشا ہائٹس، المنخول، دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر، الورقاء، دبئی انویسٹمنٹ پارک، جمیرا ولیج سرکل اور القصيص بھی سروس کے دائرے میں شامل ہیں۔
نئے شامل کیے گئے السطوہ، القوز اور مردف کے بعد دبئی میں بس آن ڈیمانڈ سروس مزید وسیع ہوگئی ہے۔
آر ٹی اے کے مطابق سروس کو مزید بہتر بنانے اور مسافروں کے تجربے میں بہتری لانے کا عمل جاری رہے گا تاکہ دبئی میں جدید، آسان اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔







