
خلیج اردو
میٹا پلیٹ فارمز کے چیف گلوبل افیئرز آفیسر جوئل کپلان نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کو عارضی طور پر محدود کیے جانے پر بھارتی حکومت سے باضابطہ معذرت کر لی۔
جوئل کپلان نے ایک بیان میں کہا، "میں نے وزیرِ اطلاعات و ٹیکنالوجی سے وزیراعظم مودی کی پوسٹ محدود ہونے کی غلطی پر میٹا کی جانب سے معذرت کی ہے۔”
گزشتہ ماہ بھارتی وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس واقعے پر میٹا کے حکام کو طلب کیا تھا، جس کے بعد کمپنی نے وضاحت کی کہ پوسٹ کو ایک آپریشنل غلطی کے باعث غیر ارادی طور پر محدود کیا گیا تھا۔
دوسری جانب بھارتی شہر حیدرآباد میں پولیس نے میٹا انڈیا کے سربراہ ارون سرینواس کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ الزام ہے کہ فیس بک پر ایسی ویڈیوز شائع ہوئیں جن میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کو توہین آمیز انداز میں دکھایا گیا۔
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا جب بھارت میں قومی امتحانات کے پرچے لیک ہونے کے معاملے پر نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک جاری تھی، جس کے نتیجے میں بھارتی وزیرِ تعلیم کو استعفیٰ دینا پڑا۔ ان مظاہروں کے دوران وزیراعظم مودی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید، طنز اور مذاق کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
ادھر مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ نے بھی بھارتی حکام سے ملاقات کے دوران بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد، ڈیپ فیک مواد اور دیگر آپریشنل خامیوں پر معذرت کی۔
رپورٹس کے مطابق جولائی میں بھارتی حکومت نے میٹا کو انسٹاگرام سے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق اشتہارات اور مواد ہٹانے کا حکم دیا تھا، جس پر کمپنی نے کہا تھا کہ ایسے مواد کے خلاف اس کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور اس کی شناخت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔







