متحدہ عرب امارات

دبئی کسٹمز کا بڑا اعلان، ایک ہزار درہم تک کی درآمدی اشیا پر کسٹم ڈیوٹی ختم، ای کامرس کاروبار کو بھی بڑی سہولت

خلیج اردو
دبئی کسٹمز نے سرحد پار ای کامرس سے متعلق قوانین میں اہم ترامیم کرتے ہوئے ایک ہزار درہم یا اس سے کم مالیت کی درآمدی اشیا کو کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری لاگت میں کمی، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور ای کامرس کے شعبے کی مسابقت بڑھانا ہے۔

نئے قواعد کے مطابق ایک ہزار درہم تک مالیت رکھنے والی اشیا پر کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی، تاہم یہ رعایت تمباکو اور تمباکو مصنوعات، الیکٹرانک سگریٹ اور ان کے آلات و لوازمات، نکوٹین والے مائعات، الکوحل والے مشروبات اور الکوحل پر مشتمل غذائی مصنوعات پر لاگو نہیں ہوگی۔

یہ ترامیم 3 اگست 2026 سے نافذ العمل ہو چکی ہیں، جبکہ متعلقہ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کاروباری طریقۂ کار کو نئے ضوابط کے مطابق بنائیں۔

واپس آنے والی اشیا پر بھی نئی سہولت

دبئی کسٹمز نے واپس بھیجی جانے والی اشیا کے لیے بھی رعایت میں توسیع کر دی ہے۔ بزنس ٹو کنزیومر (B2C) کے تحت ایسی اشیا، جن پر پہلے ہی کسٹم ڈیوٹی ادا کی جا چکی ہو، اگر 60 دن کے اندر واپس آ جائیں تو ان پر دوبارہ کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی۔

انتظامی نظام میں بھی تبدیلیاں

ترمیم شدہ قواعد کے تحت کمپنیوں کی رجسٹریشن، ان کی سرگرمیوں کو کسٹمر رجسٹریشن سسٹم میں شامل کرنے اور پلیٹ فارم پر اندراج کی ذمہ داری کلائنٹ ہیپی نیس مینجمنٹ کے سپرد کر دی گئی ہے، جبکہ ان ضوابط سے متعلق کسی بھی تنازعے کے حل کی ذمہ داری لیگل افیئرز کو دی گئی ہے۔

دبئی کسٹمز کے مطابق یہ اصلاحات تجارتی سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر بنانے، کاروباری ماحول کو مزید مسابقتی بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور ای کامرس شعبے کے اخراجات کم کرنے کی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں متحدہ عرب امارات کی ای کامرس مارکیٹ میں 2 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسی عرصے میں خلیجی ممالک کی مجموعی ای کامرس مارکیٹ میں 9 فیصد کمی دیکھی گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button