
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بھارتی پاسپورٹ اور قونصلر خدمات کے نئے نظام کے آغاز کے دو ہفتے بعد بھی بعض درخواست گزاروں کو اپائنٹمنٹ کی کمی اور بیک لاگ کا سامنا ہے، تاہم بھارتی مشن نے اعلان کیا ہے کہ تمام بیک لاگ 15 اگست تک ختم کر دیا جائے گا۔
بھارتی کمیونٹی کے لیے Alhind Tours & Travels کے زیرِ انتظام 16 نئے انڈین قونصلر ایپلیکیشن سینٹرز (ICACs) متحدہ عرب امارات کی تمام سات ریاستوں میں فعال ہو چکے ہیں، جہاں پاسپورٹ کی تجدید، او سی آئی (OCI)، تصدیقِ دستاویزات اور دیگر قونصلر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
نئے مراکز میں ابوظبی میں 6، دبئی میں 2، شارجہ میں 2 جبکہ عجمان، فجیرہ، ام القوین، خورفکان، کلبا اور رأس الخیمہ میں ایک ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔ بر دبئی کے UW Mall میں قائم مرکزی مرکز سب سے بڑا ہے، جہاں روزانہ 8 ہزار درخواست گزاروں کو خدمات فراہم کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
ہنگامی صورت میں واک اِن سروس
بھارتی شہری حقیقی ہنگامی صورتحال میں بغیر پیشگی اپائنٹمنٹ کے بھی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ یہ سہولت درج ذیل افراد کے لیے دستیاب ہے:
فوری سفر کے ثبوت کے ساتھ تتکال (Tatkal) درخواست گزار
پہلی مرتبہ پاسپورٹ حاصل کرنے والے نومولود بچے
60 سال یا اس سے زائد عمر کے بزرگ
پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں ایمرجنسی سرٹیفکیٹ کے درخواست گزار
درخواست گزاروں کو ہنگامی صورتحال کا ثبوت، جیسے کنفرم فلائٹ ٹکٹ یا میڈیکل سرٹیفکیٹ، ساتھ لانا ہوگا۔
اپائنٹمنٹ کیسے حاصل کریں؟
درخواست گزار آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد مطلوبہ سروس، پسندیدہ مرکز اور دستیاب وقت کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ درخواست جمع ہونے کے بعد اسی پورٹل سے اس کی پیش رفت بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
تتکال سروس کن کے لیے؟
تتکال سروس صرف ان افراد کے لیے دستیاب ہے جو پاسپورٹ کی تجدید بغیر کسی ذاتی معلومات میں تبدیلی کے کروا رہے ہوں۔
البتہ درج ذیل افراد تتکال سروس استعمال نہیں کر سکتے:
گمشدہ، چوری شدہ یا مکمل طور پر خراب پاسپورٹ رکھنے والے
نام، تاریخ پیدائش، جائے پیدائش، جنس یا دستخط میں تبدیلی کے درخواست گزار
ظاہری شکل میں نمایاں تبدیلی والے افراد
ناگالینڈ یا جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے بعض درخواست گزار
سنگل، علیحدہ یا طلاق یافتہ والدین کے نابالغ بچے یا گود لیے گئے بچے
زیرِ سماعت فوجداری مقدمات یا منفی پولیس ویریفکیشن رکھنے والے افراد
ضروری دستاویزات
عام پاسپورٹ تجدید کے لیے درج ذیل دستاویزات درکار ہوں گی:
موجودہ یا میعاد ختم شدہ پاسپورٹ (اصل اور کاپی)
یو اے ای رہائشی ویزے کی کاپی
اصل اور کاپی سمیت ایمریٹس آئی ڈی
دو حالیہ پاسپورٹ سائز رنگین تصاویر (51×51 ملی میٹر، سفید پس منظر)
نئی فیسیں
یکم جولائی 2026 سے نئی فیسوں کا اطلاق ہو چکا ہے:
36 صفحات والا عام پاسپورٹ: 450 درہم
تتکال سروس: 900 درہم
60 صفحات والا جمبو پاسپورٹ: اضافی فیس کے ساتھ
اس کے علاوہ 19 درہم کی سروس فیس وصول کی جائے گی، جس میں پروسیسنگ، بائیومیٹرک اور کورئیر چارجز شامل ہیں۔
اپائنٹمنٹ نہ ملے تو کیا کریں؟
بھارتی قونصل خانے کے مطابق نئی اپائنٹمنٹ سلاٹس روزانہ صبح 9 بجے اور رات 9 بجے جاری کی جاتی ہیں۔ درخواست گزاروں کو انہی اوقات میں پورٹل پر لاگ اِن کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مزید سلاٹس بھی جلد جاری کیے جائیں گے تاکہ بیک لاگ کم کیا جا سکے۔
پاسپورٹ کتنے دن میں تیار ہوگا؟
تتکال سروس: تقریباً 3 ورکنگ ڈیز
عام سروس: تقریباً 7 سے 15 ورکنگ ڈیز (دستاویزات اور پولیس ویریفکیشن پر منحصر)
بھارتی قونصل خانے کا کہنا ہے کہ 15 اگست تک بیک لاگ ختم ہونے کے بعد پاسپورٹ کی تجدید کا عمل مزید تیز ہو جائے گا۔







