
خلیج اردو
ایشین کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ تمام میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کے نیچے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 13 ستمبر کو ہوگا۔
ایونٹ کا آغاز 28 اگست کو ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کے درمیان گروپ اے کے میچ سے ہوگا۔ شائقین کی سب سے زیادہ توجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پر ہوگی جو 5 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کو رکھا گیا ہے جبکہ دفاعی چیمپئن سری لنکا گروپ بی میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور میزبان متحدہ عرب امارات کے ساتھ شامل ہے۔
گروپ مرحلے میں ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف ایک ایک میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپس سے بہترین کارکردگی دکھانے والی دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
گروپ بی کا اہم مقابلہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان 6 ستمبر کو ہوگا۔
پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر کو گروپ اے کی فاتح اور گروپ بی کی رنر اپ ٹیم کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 ستمبر کو گروپ اے کی رنر اپ اور گروپ بی کی فاتح ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ویمنز ایشیا کپ کا یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں چھٹا ایڈیشن ہوگا۔ سری لنکا گزشتہ ایڈیشن کی فاتح کی حیثیت سے ٹائٹل کا دفاع کرے گا جبکہ بنگلہ دیش نے 2018 میں ٹائٹل جیتا تھا۔
بھارت اس مقابلے کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم ہے جس نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 2012، 2016 اور 2022 میں تین مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا







