
خلیج اردو
دبئی فٹنس چیلنج ایک بار پھر اپنے 10ویں ایڈیشن کے ساتھ واپس آ گیا ہے، جس کا مقصد رہائشیوں اور سیاحوں کو جسمانی سرگرمی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کی ترغیب دینا ہے۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق دبئی فٹنس چیلنج 2026 کا انعقاد 31 اکتوبر سے 29 نومبر تک کیا جائے گا، جس کے دوران شرکا کو مسلسل 30 دن تک روزانہ 30 منٹ جسمانی سرگرمی انجام دینے کی دعوت دی جائے گی۔
اس سال کے پروگرام کو اب تک کا سب سے بڑا اور کمیونٹی پر مبنی ایڈیشن قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور جسمانی سرگرمی کے بارے میں عوامی رویوں میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔
دبئی فٹنس چیلنج میں ہر عمر، صلاحیت اور فٹنس کی سطح رکھنے والے افراد شرکت کر سکیں گے، جبکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کے لیے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔
دبئی محکمۂ اقتصادیات و سیاحت اور دبئی اسپورٹس کونسل کے زیرِ اہتمام ہونے والے اس پروگرام میں دبئی رن، دبئی رائیڈ، دبئی اسٹینڈ اپ پیڈل اور دبئی یوگا سمیت متعدد اہم تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ فٹنس ویلیجز، فٹنس ہبز اور شہر بھر میں ہزاروں کھیلوں اور صحت سے متعلق سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
دبئی فٹنس چیلنج کا آغاز 2017 میں دبئی کے ولی عہد، نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کے وژن کے تحت کیا گیا تھا۔
اس مہم کے آغاز سے اب تک 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد اس میں شرکت کر چکے ہیں۔







