
خلیج اردو
دبئی میں جمعہ کے روز ایک نیا پل ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جس کے بعد دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے نکلنے والے افراد کا سفری وقت 10 منٹ سے کم ہو کر صرف 2 منٹ رہ جائے گا۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے مطابق 500 میٹر طویل دو رویہ پل دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور ون سینٹرل سے آنے والی ٹریفک کو براہِ راست المصطفیٰ اسٹریٹ اور زعبیل پیلس اسٹریٹ کے چوراہے تک پہنچائے گا۔
یہ پل 633 ملین درہم کے المصطفیٰ اسٹریٹ ڈیولپمنٹ منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت سڑک کی گنجائش میں 33 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد المصطفیٰ اسٹریٹ پر دونوں اطراف ٹریفک کی گنجائش 6 ہزار 600 گاڑیوں سے بڑھ کر 8 ہزار 800 گاڑیاں فی گھنٹہ ہو جائے گی، جبکہ اس راستے پر سفر کا دورانیہ 13 منٹ سے کم ہو کر 6 منٹ رہ جائے گا۔
آر ٹی اے کے مطابق یہ پل خاص طور پر دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے اطراف ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، جہاں بڑی نمائشوں اور کانفرنسوں کے دوران گاڑیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔
3.5 کلومیٹر طویل المصطفیٰ اسٹریٹ منصوبے کے تحت سڑک کو دونوں اطراف تین سے بڑھا کر چار لین تک وسیع کیا جا رہا ہے، جبکہ تقریباً 2 کلومیٹر طویل پل اور سرنگیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔
اس منصوبے کے تحت المصطفیٰ اسٹریٹ اور ٹریڈ سینٹر اسٹریٹ کے سنگم پر مجموعی طور پر 1,500 میٹر طویل تین نئی سرنگیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں، جنہیں فروری 2027 میں ٹریفک کے لیے کھولنے کا منصوبہ ہے۔
آر ٹی اے کے مطابق اس منصوبے سے تقریباً 5 لاکھ رہائشیوں اور سیاحوں کو فائدہ پہنچے گا اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر، دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر، زعبیل، ڈاؤن ٹاؤن دبئی اور بزنس بے تک رسائی بہتر ہوگی۔
اس کے علاوہ اگست کے آخر تک شیخ راشد روڈ سے سیکنڈ دسمبر اسٹریٹ کی جانب ایک اور پل بھی کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ اکتوبر میں ایک مزید پل کو ٹریفک کے لیے فعال کیا جائے گا۔







