
خلیج اردو
ایپل کے متوقع ستمبر ایونٹ سے قبل آئی فون 18 سیریز کے حوالے سے نئی افواہوں نے زور پکڑ لیا ہے۔ آئی او ایس 27 کے بیٹا ورژن میں ایسے اشارے سامنے آئے ہیں جن سے آئندہ آئی فون ماڈلز کے بارے میں اہم معلومات مل سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آئی او ایس 27 بیٹا 5 کے سسٹم کوڈ میں 6 نئے اور غیر اعلانیہ آئی فون ماڈلز کے حوالے ملے ہیں، جنہیں ایپل کے اندرونی کوڈ ناموں کے ذریعے شناخت کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان ماڈلز میں آئی فون 18، آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس، آئی فون 18 ای، دوسری نسل کا آئی فون ایئر اور ایک نیا آئی فون الٹرا شامل ہو سکتا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وی 62 کو آئی فون ایئر 2، وی 63 کو آئی فون 18 پرو، وی 64 کو آئی فون 18 پرو میکس، وی 67 کو آئی فون 18، وی 68 کو آئی فون الٹرا اور وی 69 کو آئی فون 18 ای کا کوڈ نام قرار دیا گیا ہے۔
یہ معلومات بیٹری ڈرائیورز اور بیٹری سے متعلق ذہین فیچرز کے سسٹم فائلز سے حاصل کی گئی ہیں۔ تاہم ایپل نے اب تک ان میں سے کسی بھی ڈیوائس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
دوسری جانب نئے آئی فونز کی لانچنگ کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق ایپل پہلے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس متعارف کرا سکتا ہے، جبکہ بنیادی ماڈل بعد میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
کچھ رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ متعارف کرا سکتا ہے۔
ویبو پر سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کی اسکرین کی بڑے پیمانے پر تیاری جولائی میں شروع ہو چکی ہے، جس سے یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ڈیوائس ستمبر میں متعارف کرائی جا سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کے لیے ایپل صرف سام سنگ کی ڈسپلے ٹیکنالوجی استعمال کرے گا، جبکہ ایل جی ڈسپلے اس منصوبے کا حصہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ تمام معلومات غیر سرکاری رپورٹس اور آئی او ایس 27 کے بیٹا ورژن سے حاصل ہونے والے اشاروں پر مبنی ہیں اور ایپل نے ابھی تک ان کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔







