متحدہ عرب امارات

اتحاد ریل میں سفر سے پہلے جان لیں، کن اشیا کو لے جانے پر پابندی ہے؟ مکمل فہرست جاری

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے اہم ریلوے منصوبے اتحاد ریل نے مسافروں کے لیے سفر کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔ 30 جون کو فجیرہ سے ابوظبی کے درمیان پہلی مسافر ٹرین سروس شروع ہونے کے بعد بڑی تعداد میں شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

اتحاد ریل نے مسافروں کے لیے ممنوعہ اور محدود اشیا کی مکمل فہرست جاری کر دی ہے تاکہ سفر کے دوران کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔

کن اشیا کو ٹرین میں لے جانے کی اجازت نہیں؟

اتحاد ریل کے مطابق درج ذیل اشیا کو ٹرین میں لے جانے پر مکمل پابندی ہے:

  • دھماکا خیز مواد، آتش بازی کا سامان اور گولہ بارود
  • آتش گیر اور خطرناک مواد، جن میں پٹرول، پینٹ، گیس سلنڈر اور اسپرے کین شامل ہیں
  • اسلحہ، چاقو اور دیگر ہتھیار، سوائے مجاز اہلکاروں کے
  • منشیات
  • کیمیائی اور حیاتیاتی خطرات پیدا کرنے والی اشیا
  • بڑے سائز کا سامان جو مقررہ جگہ میں نہ سما سکے یا راستے میں رکاوٹ بنے
  • غیر محفوظ اشیا، جنہیں ٹرین میں محفوظ طریقے سے نہ رکھا جا سکے
  • تجارتی مقاصد کے لیے بڑی مقدار میں لایا جانے والا سامان
  • کسٹمز کی جانب سے ممنوع قرار دی گئی اشیا
  • ہر قسم کی الکوحل والی مشروبات، چاہے وہ بند پیکنگ میں ہی کیوں نہ ہوں
  • الیکٹرانک شیشہ، ویپنگ ڈیوائسز اور ای سگریٹس
  • تیز بو پیدا کرنے والی یا دوسرے مسافروں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی اشیا
  • سائیکلیں، اسکوٹر اور ای اسکوٹر سمیت ذاتی سفری آلات

کن اشیا کو مخصوص شرائط کے ساتھ لے جانے کی اجازت ہے؟

اتحاد ریل کے مطابق ہر مسافر کو دو بیگ مفت ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔

وہیل چیئر استعمال کرنے والے مسافر بکنگ کے وقت مخصوص جگہ مختص کرا سکتے ہیں، جبکہ صرف کمپنی کی جانب سے نصب بیٹری والی الیکٹرک وہیل چیئرز کی اجازت ہوگی۔

بچوں کی گاڑی صرف اسی صورت میں لائی جا سکے گی جب مسافر بچے کے ساتھ سفر کر رہا ہو اور گاڑی کو آسانی سے تہہ کیا جا سکتا ہو۔

طبی آلات، جیسے آکسیجن سلنڈر یا دیگر معاون آلات، صرف مخصوص شرائط کے تحت ساتھ لانے کی اجازت ہوگی۔

سامان اور پالتو جانوروں کے لیے قواعد

  • ہینڈ بیگ یا لیپ ٹاپ بیگ جیسی ذاتی اشیا نشست کے نیچے رکھنے کے قابل ہونی چاہییں۔
  • ہینڈ کیری بیگ کا زیادہ سے زیادہ سائز 55 سینٹی میٹر × 40 سینٹی میٹر × 23 سینٹی میٹر مقرر کیا گیا ہے۔
  • اضافی سامان کے لیے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوگی۔

اتحاد ریل نے پالتو جانوروں کے حوالے سے بھی قواعد جاری کیے ہیں۔ کتوں اور شاہین سمیت گھریلو پالتو جانوروں کو منظور شدہ پنجرے میں لانے کی اجازت ہوگی، تاہم پالتو جانوروں کا پنجرہ مسافر کے مقررہ سامان میں شمار ہوگا۔

اس کے علاوہ تربیت یافتہ معاون کتوں کو بھی اجازت دی جائے گی، لیکن اس کے لیے پیشگی بکنگ لازمی ہوگی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button