
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر 31 اگست کو "حادثات سے پاک دن” مہم کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے تحت ڈرائیور اپنے لائسنس سے 4 بلیک پوائنٹس ختم کرا سکیں گے۔
وفاقی ٹریفک کونسل اور یو اے ای کی مختلف پولیس فورسز کے اشتراک سے شروع کی جانے والی اس مہم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 17 اگست سے کر دیا گیا ہے۔
مہم میں شرکت کا طریقہ
ڈرائیور وزارت داخلہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فراہم کیے گئے لنک یا کیو آر کوڈ کے ذریعے رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
شرکاء کو یو اے ای پاس کے ذریعے لاگ اِن کرنا ہوگا، جس کے بعد انہیں حفاظتی عہد نامے پر دستخط کرکے شرائط و ضوابط سے اتفاق کرنا ہوگا۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد شرکت کا سرٹیفکیٹ ڈرائیور کے ای میل پتے پر بھیج دیا جائے گا۔
4 بلیک پوائنٹس ختم کرانے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟
صرف رجسٹریشن کافی نہیں ہوگی بلکہ ڈرائیور کو 31 اگست کے دوران تمام ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔
مہم کے دوران ڈرائیوروں کو درج ذیل ہدایات پر عمل کرنا ہوگا:
|| رفتار کی مقررہ حد کی پابندی کرنا
|| موبائل فون استعمال کرنے سے گریز کرنا
|| گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا
|| پیدل چلنے والوں کو راستہ دینا
|| سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنانا
|| اپنی لین میں گاڑی چلانا
|| ہنگامی گاڑیوں کو راستہ دینا
|| سفر سے پہلے گاڑی کی فنی حالت کا جائزہ لینا
شرائط پر مکمل عمل کرنے والے ڈرائیوروں کے لائسنس سے 4 بلیک پوائنٹس ختم کر دیے جائیں گے۔
بلیک پوائنٹس کیا ہوتے ہیں؟
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیور کے لائسنس پر بلیک پوائنٹس درج کیے جاتے ہیں۔
اگر کسی ڈرائیور کے بلیک پوائنٹس کی تعداد 24 تک پہنچ جائے تو مزید خلاف ورزی کی صورت میں معاملہ عدالت میں جا سکتا ہے اور لائسنس کی معطلی یا ضبطی جیسے اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد صرف ایک دن کے لیے نہیں بلکہ ڈرائیوروں میں محفوظ ڈرائیونگ کی عادت کو فروغ دینا ہے۔







