متحدہ عرب امارات

اتحاد ریل مسافروں کے لیے گاڑی کرائے پر لینے کی سہولت، فی دن 80 درہم سے آغاز، ایندھن بھی شامل

خلیج اردو
اتحاد ریل کے مسافر اب ابوظہبی اور فجیرہ اسٹیشنز سے سفر کے بعد اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے آسانی سے کرائے کی گاڑی حاصل کر سکیں گے۔ نئی "ریل ٹو روڈ” سروس کے تحت گاڑیاں 80 سے 200 درہم فی دن تک کرائے پر دستیاب ہوں گی، جبکہ سیکیورٹی ڈپازٹ کی ضرورت نہیں ہوگی اور ایندھن بھی کرائے میں شامل ہوگا۔

یہ سروس تھرفٹی کار رینٹل کے "فلیکسی” پروگرام کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ریل اسٹیشن سے آگے کے سفر کے لیے مسافروں کو آسان ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔

تھرفٹی کار رینٹل کے جنرل منیجر امیت کمار کے مطابق مسافروں کو نہ ڈپازٹ جمع کرانے کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی گاڑی واپس کرتے وقت ایندھن بھرنے کی پریشانی ہوگی۔

تمام رینٹل پیکجز میں پہلے سے ادا شدہ ایندھن اور 60 کلومیٹر ڈرائیونگ شامل ہے جبکہ اضافی فاصلے کے لیے اضافی چارجز ادا کرنا ہوں گے۔

گاڑیاں تین کیٹیگریز میں دستیاب ہیں:

Essential: ٹویوٹا یارس، بالینو اور ہنڈائی ایکسنٹ جیسی چھوٹی گاڑیاں۔

Comfort: بڑی سیڈان اور کمپیکٹ ایس یو وی، جن میں مزدا CX-3، ہنڈائی کریٹا اور مزدا 6 شامل ہیں۔

Stretch: بڑی اور پریمیم گاڑیاں، جن میں آڈی A3، مزدا CX-90، جیپ چیروکی، نسان پیٹرول اور جیپ رینگلر شامل ہیں۔

مسافر گاڑی پہلے سے بک کر سکتے ہیں، اسٹیشن پہنچنے پر حاصل کر سکتے ہیں یا بغیر پیشگی بکنگ کے بھی کرائے پر لے سکتے ہیں۔

گاڑی عام طور پر اسی اسٹیشن پر واپس کرنا ہوگی جہاں سے حاصل کی گئی ہو تاہم تھرفٹی کے دیگر مقامات پر واپسی کی سہولت بھی موجود ہے جس کے لیے معمولی ون وے فیس ادا کرنا ہوگی۔

گاڑی بک کرنے کا آپشن اتحاد ریل کے ٹکٹ بکنگ سسٹم میں شامل کر دیا گیا ہے۔ مسافر ٹکٹ خریدتے وقت ہی کرائے کی گاڑی بھی بک کر سکیں گے۔

یہ منصوبہ اتحاد ریل اور تھرفٹی کے درمیان پانچ سالہ شراکت داری کا حصہ ہے، جس کے تحت تھرفٹی 5 سال میں 10 ملین درہم سے زیادہ سرمایہ کاری کرے گی۔ ابتدائی طور پر تقریباً 500 گاڑیوں کا فلیٹ متعارف کرایا جائے گا، جسے مسافروں کی طلب کے مطابق بڑھایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button