متحدہ عرب امارات

ابوظہبی میں سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں گاڑی دھونے پر 4 ہزار درہم تک جرمانہ

خلیج اردو
ابوظہبی میونسپلٹی نے غیر مجاز مقامات پر گاڑیاں دھونے کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے اور شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔

میونسپلٹی کے مطابق رہائشی علاقوں، سڑکوں، پارکنگ ایریاز اور کھلی جگہوں پر گاڑیاں دھونا شہری قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف لائسنس یافتہ کار واش سروسز استعمال کریں۔

یہ اقدام "ہمارا گھر، ہماری ذمہ داری” مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنا اور پانی کے ضیاع کو روکنا ہے۔

حکام کے مطابق غیر قانونی طریقے سے گاڑی دھونے سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر پانی جمع ہو جاتا ہے جس سے نہ صرف شہری ماحول متاثر ہوتا ہے بلکہ گزرنے والی گاڑیوں پر چھینٹے پڑنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

میونسپل انسپکٹرز نے مختلف رہائشی علاقوں کا دورہ کر کے شہریوں کو آگاہ کیا اور غیر مجاز کار واش کے نقصانات سے متعلق آگاہی دی۔

جرمانوں کی تفصیل

  • عوامی مقامات پر گاڑی دھونے والے افراد اور غیر لائسنس یافتہ کار واش کرنے والوں کے خلاف جرمانے کیے جا سکتے ہیں۔
  • عوامی جگہوں پر گندی گاڑی چھوڑنے پر 2 ہزار درہم تک جرمانہ عائد ہو سکتا ہے اور گاڑی ضبط بھی کی جا سکتی ہے۔
  • بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کو 4 ہزار درہم تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کار واش سے پانی ضائع ہونے کے ساتھ سڑکوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور پانی جمع ہونے سے مچھروں اور کیڑوں کی افزائش کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

ابوظہبی میونسپلٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شہر کو صاف، محفوظ اور ماحول دوست رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button