متحدہ عرب امارات

یمن حکومت کا انتباہ، حوثی باغی باب المندب کے ساحلی علاقے پر قبضے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں

خلیج اردو
یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے خبردار کیا ہے کہ حوثی باغی بحیرہ احمر میں واقع اہم آبی گزرگاہ باب المندب کے ساحلی علاقوں پر قبضہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حوثی ملیشیا مغربی ساحل پر اپنی موجودگی بڑھا رہی ہے اور بحیرہ احمر میں اہم یمنی جزائر کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کا مقصد باب المندب پر قبضہ حاصل کرنا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی ذرائع اور آبی گزرگاہ سے متصل یمنی حکومتی فورسز کے ترجمان نے بھی بتایا ہے کہ باغی علاقے میں پیش قدمی کی تیاری کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق اگر حوثی باب المندب پر زیادہ کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تو یہ دنیا کی مصروف ترین بحری گزرگاہوں میں سے ایک پر ان کے اثر و رسوخ کو مزید بڑھا دے گا۔

باب المندب عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے۔ غزہ جنگ کے آغاز کے بعد حوثیوں نے اس راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملے کیے جس سے عالمی شپنگ متاثر ہوئی۔

یمنی حکومت کا کہنا ہے کہ حوثی بندرگاہوں، ڈاکس، شہری تنصیبات، بحری جہازوں اور حکومتی بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنا کر اپنے منصوبوں کی تیاری کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق حوثیوں کی جانب سے فوجی تیاریوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے خطے میں بحری سلامتی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button