
خلیج اردو
یو اے ای میں طویل گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد گھروں کو واپس آنے والے رہائشیوں کو سامان کھولنے اور معمولات زندگی بحال کرنے کے ساتھ ایک اور مسئلے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی ہفتوں تک گھر بند اور اے سی بند رہنے سے بدبو کمزور کولنگ پانی کا رساؤ اور حتیٰ کہ پھپھوندی بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
دبئی کے رہائشی عبدالباسط تقریباً 6 ہفتے بعد اپنے النہضہ کے اپارٹمنٹ واپس پہنچے تو دروازہ کھولتے ہی گھر میں شدید ناگوار بو محسوس ہوئی۔ کھڑکیاں کھولنے اور اے سی چلانے کے باوجود بدبو ختم نہ ہوئی۔
بعد میں معلوم ہوا کہ اے سی مناسب ٹھنڈک نہیں دے رہا تھا اور چلانے پر عجیب بو بھی آرہی تھی جبکہ ایک یونٹ سے پانی بھی لیک ہورہا تھا۔ گھر کی مکمل صفائی اور اے سی کی مرمت کے بعد ہی خاندان معمول پر آسکا۔
دبئی اور شارجہ کے صفائی اور اے سی ٹیکنیشنز کے مطابق گرمیوں کی چھٹیوں سے واپس آنے والے خاندانوں کے باعث ان کے کام میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بعض ماہرین روزانہ 3 سے 4 گھروں کا معائنہ یا صفائی کررہے ہیں۔
کئی ہفتوں تک بند رہنے والے گھروں میں دھول جمع ہونے کے علاوہ کچن اور باتھ روم کے ڈرین سے بدبو آنے، کیڑوں، نمی اور اے سی وینٹس یا دیواروں کے قریب پھپھوندی کے مسائل سامنے آسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یو اے ای کی شدید گرمی اور زیادہ نمی ایسے گھروں میں مسائل بڑھا دیتی ہے جہاں طویل عرصے تک کولنگ اور وینٹی لیشن موجود نہ ہو۔ اے سی کے فلٹرز ڈکٹ کوائلز اور ڈرین پین میں نمی اور دھول جمع ہونے سے پھپھوندی بن سکتی ہے۔
Justlife کے مطابق اس سال 30 فیصد تک گھروں میں اے سی سسٹم کے اندر کسی نہ کسی شکل میں پھپھوندی بننے کا امکان ہوسکتا ہے۔
چھٹی پر جانے سے پہلے کیا کریں؟
ماہرین کا مشورہ ہے کہ طویل چھٹی پر جانے سے پہلے اے سی کی سروس اور فلٹرز کی صفائی کرائیں۔ پانی کے رساؤ یا بند ڈرین لائنز کی مرمت بھی پہلے ہی کروا لیں۔
طویل غیر حاضری کے دوران اے سی کو مکمل طور پر بند رکھنے کے بجائے تقریباً 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ پر آٹو یا فین موڈ میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ گھر کے اندر نمی 60 فیصد سے کم رکھنا بھی پھپھوندی کے خطرے کو کم کرسکتا ہے۔
ماہرین نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ چھٹی سے واپس آکر انتہائی گرم گھر میں اے سی کا درجہ حرارت فوری طور پر 16 یا 18 ڈگری پر نہ کریں۔ اگر کولنگ کم ہو عجیب بو آئے پانی لیک ہو یا غیر معمولی آواز سنائی دے تو پہلے اے سی کا معائنہ کرایا جائے۔
عبدالباسط کے مطابق اگلی چھٹی سے پہلے وہ اے سی کی سروس ضرور کرائیں گے اور کسی شخص سے گھر کی نگرانی بھی کروائیں گے تاکہ واپسی پر اچانک کسی بڑے مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔







