متحدہ عرب امارات

دبئی کے حکمران کا ایک سالہ اردنی بچی کے علاج کا مکمل خرچ اٹھانے کا اعلان

خلیج اردو
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اسپائنل مسکیولر ایٹروفی میں مبتلا ایک سالہ اردنی بچی کاتیا ابو السعود کے مکمل علاج کے اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق کاتیا کا علاج دبئی کے الجلیلہ اسپتال میں مکمل طور پر مفت کیا جائے گا۔ بچی کی بیماری کی خبر سامنے آنے کے بعد اس کے خاندان کی اپیل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

ایک سال چار ماہ کی کاتیا میں بیماری کی علامات چھ ماہ کی عمر میں ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں جب اس کے والدین نے محسوس کیا کہ اس کی جسمانی نشوونما اور حرکت اس کی عمر کے دیگر بچوں جیسی نہیں۔

بچی کے علاج پر تقریباً 24 لاکھ ڈالر خرچ آنا تھا جو خاندان کے لیے ممکن نہیں تھا۔ علاج میں ایک اہم جین تھراپی انجیکشن شامل ہے جو اردن میں دستیاب نہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق یہ انجیکشن بچی کو دو سال کی عمر سے پہلے لگانا ضروری ہے۔ خاندان علاج کے لیے چندہ جمع کر رہا تھا تاہم دبئی کے حکمران کی جانب سے مدد کے اعلان کے بعد بچی کے والدین کو بڑی مالی پریشانی سے نجات مل گئی ہے۔

ماضی میں بھی بچوں کے علاج کی ذمہ داری اٹھائی

شیخ محمد بن راشد المکتوم اس سے قبل بھی سنگین بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج کے اخراجات اٹھا چکے ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں انہوں نے اسپائنل مسکیولر ایٹروفی میں مبتلا ایک شامی بچی کے علاج کے لیے 70 لاکھ درہم کی مکمل مالی معاونت کا اعلان کیا تھا۔

مارچ 2021 میں انہوں نے ایک عراقی بچی کے علاج کے لیے بھی مدد فراہم کی تھی جو اسی بیماری میں مبتلا تھی۔ بچی کو الجلیلہ چلڈرن اسپیشلٹی اسپتال میں جین تھراپی کامیابی سے دی گئی تھی۔

اس کے علاوہ شیخ محمد نے سارکوما کینسر میں مبتلا 15 سالہ فاطمہ احمد حسن کے مکمل علاج کی ذمہ داری بھی اٹھائی تھی۔ کئی ماہ کے علاج کے بعد فاطمہ صحت یاب ہوکر کینسر سے پاک ہوگئیں۔

شیخ محمد کی جانب سے ضرورت مند افراد خصوصاً بچوں کے جان بچانے والے علاج کے لیے مالی معاونت کے اقدامات کو بڑے پیمانے پر سراہا جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button