
خلیج اردو
ابوظہبی پولیس نے جمعہ 21 اگست کو پیدل چلنے والوں کو سڑک عبور کرتے وقت احتیاط برتنے اور جے واکنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ غیر مقررہ مقامات سے سڑک عبور کرنا پیدل چلنے والوں اور گاڑی چلانے والوں دونوں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔
ابوظہبی پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ سڑک عبور کرنے کے لیے مقررہ کراسنگ، پیدل پل اور انڈر پاس استعمال کریں اور ٹریفک سگنلز کی پابندی کریں۔
پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں ایک شخص کو کثیر لین والی شاہراہ عبور کرتے دکھایا گیا ہے جس سے وہ خود اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیاں خطرے میں پڑ گئیں۔ ویڈیو میں پیدل چلنے والوں کو مقررہ کراسنگ استعمال کرتے بھی دکھایا گیا تاہم ایک ڈرائیور نے انہیں راستہ نہیں دیا جس کے باعث پیدل چلنے والوں کو گاڑی کے گزرنے تک اپنی رفتار اور سمت تبدیل کرنا پڑی۔
ابوظہبی پولیس نے ڈرائیوروں کو بھی پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے، مقررہ کراسنگ کے قریب رفتار کم کرنے اور سڑک عبور کرنے والے پیدل افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے کہا کہ پیدل چلنے والوں کی حفاظت ڈرائیوروں اور پیدل افراد دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آگاہی مہم پولیس کی Smart Road Security حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پیدل چلنے والوں اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی حفاظت بہتر بنانا ہے۔
حکام نے رواں سال گلف ٹریفک ویک 2026 کے دوران بھی پیدل چلنے والوں میں آگاہی بڑھانے پر توجہ دی تھی۔ مہم کا نعرہ "محفوظ طریقے سے سڑک عبور کریں” تھا جس میں مقررہ کراسنگ استعمال کرنے، شاہراہوں اور خطرناک سڑکوں سے گریز، ٹریفک سگنلز کی پابندی اور سڑک عبور کرتے وقت محتاط رہنے پر زور دیا گیا۔ موبائل فون کے استعمال جیسی توجہ ہٹانے والی سرگرمیوں سے بھی گریز کی ہدایت کی گئی۔
یو اے ای میں جے واکنگ پر جرمانہ
یو اے ای میں جے واکنگ غیر قانونی ہے اور اس پر 400 درہم جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
2021 میں ابوظہبی پولیس نے بتایا تھا کہ غیر مقررہ مقامات سے سڑک عبور کرنے پر تقریباً 7,900 پیدل افراد کے چالان کیے گئے۔
اگر جے واکنگ کے نتیجے میں ٹریفک حادثہ پیش آئے تو سزا مزید سخت ہوسکتی ہے۔ مارچ 2025 سے نافذ وفاقی ٹریفک قانون کے تحت غیر مقررہ مقام سے سڑک عبور کرکے حادثے کا سبب بننے والے شخص کو قید اور 5,000 سے 10,000 درہم تک جرمانہ یا ان میں سے کوئی ایک سزا دی جاسکتی ہے۔
ایسی سڑک جہاں رفتار کی حد 80 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ ہو وہاں غیر قانونی طور پر سڑک عبور کرنے پر سزا مزید سخت ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے کو کم از کم 3 ماہ قید اور کم از کم 10,000 درہم جرمانہ یا ان میں سے کوئی ایک سزا ہوسکتی ہے۔







