
خلیج اردو
فیفا نے ورلڈ کپ فائنل کے بعد اسپین اور ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ پر ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیاندرو پیریڈیز سمیت کئی کھلاڑیوں پر پابندیاں اور جرمانے عائد کردیئے۔
فیفا کے مطابق بوکا جونیئرز کے کھلاڑی لیاندرو پیریڈیز کو 10 بین الاقوامی میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے جبکہ ان پر 90 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
پیریڈیز نے اسپین کے ایرک گارشیا کا گلا پکڑا اور اسپین کے گاوی کو زمین پر گرا دیا تھا جس کے بعد میٹ لائف اسٹیڈیم نیو جرسی میں 19 جولائی کو کھیلے گئے فائنل کے بعد جھڑپ شدت اختیار کر گئی تھی۔ اسپین نے یہ میچ ایک صفر سے جیتا تھا۔
ارجنٹائن کے ناہوئل مولینا پر 7 میچز کی پابندی اور 90 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ تھیاغو المادا کو ایک میچ کے لیے معطل کرکے 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔ اسپین کے گاوی کو بھی جھڑپ میں کردار پر اسی نوعیت کی سزا دی گئی ہے۔
فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر بھی 3 لاکھ 21 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔ جرمانے کی وجوہات میں کھیل کے دوران غیر کھیلوں سے متعلق مظاہرے، ٹیم کے غیر مناسب رویے اور شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور اشاروں کا استعمال شامل ہے۔
ارجنٹائن کی جانب سے انگلینڈ کو ورلڈ کپ سیمی فائنل میں 2-1 سے شکست دینے کے بعد بعض کھلاڑیوں نے ایک بینر بھی اٹھایا تھا جس پر لکھا تھا کہ "فاک لینڈز ارجنٹائن کا حصہ ہیں”۔
ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے پابندیوں اور جرمانوں کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔







