
خلیج اردو
کیرالا سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ کازیا لز میجو نے مس یونیورس انڈیا 2026 کا اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ نومبر میں پورٹو ریکو میں ہونے والے 75ویں مس یونیورس مقابلے میں عالمی سطح پر بھارت کی نمائندگی کریں گی۔
کازیا لز میجو نے جے پور میں ہونے والے گرینڈ فائنل میں 52 امیدواروں کو شکست دے کر قومی اعزاز حاصل کیا، انہیں سابق ٹائٹل ہولڈر مانیکا وشوکرما نے تاج پہنایا۔
مقابلے کے فائنل میں سابق مس یونیورس سشمیتا سین کی سربراہی میں جیوری نے امیدواروں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا، جیوری میں سابق مس یونیورس انڈیا اروشی روتیلا، ریا سنگھا اور سیلینا جیٹلی بھی شامل تھیں۔
تمل ناڈو کی ویشنوی گنیش پہلی رنر اپ قرار پائیں اور انہیں مس انٹرنیشنل انڈیا 2026 کا اعزاز بھی دیا گیا جبکہ گجرات کی انوشری ستاولیکر دوسری رنر اپ رہیں۔
کازیا کا تعلق کیرالا کے ضلع الاپوزا کے علاقے ماویلی کارا سے ہے، انہوں نے رواں سال مس یونیورس کیرالا 2026 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد قومی مقابلے میں حصہ لیا تھا۔
کازیا اس سے قبل مس ٹین انٹرنیشنل 2025 میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلی رنر اپ رہ چکی ہیں جبکہ انہوں نے مس ٹین دیوا کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔
کازیا نے اپنے بچپن اور لڑکپن کا بڑا حصہ ابوظبی میں گزارا، انہوں نے امارات نیشنل اسکول، سینٹ جوزف اسکول اور ابوظبی انڈین اسکول سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کی، بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے بھارت منتقل ہوگئیں۔
کازیا اس وقت بنگلورو میں قانون کی تعلیم حاصل کررہی ہیں اور تعلیم کے ساتھ ماڈلنگ اور بیوٹی پیجینٹ کی سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وہ نوجوانی میں خود اعتمادی، جسمانی ساخت سے متعلق خدشات اور سوشل میڈیا پر فلٹرز کے ذریعے بنائے جانے والے غیر حقیقی خوبصورتی کے معیار پر بھی بات کرچکی ہیں۔
مس یونیورس انڈیا 2026 کا تاج حاصل کرنے کے بعد کازیا اب عالمی مقابلے کی تیاری کریں گی جہاں وہ نومبر میں پورٹو ریکو میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا بھر کی حسیناؤں کا مقابلہ کریں گی۔







